آذر بائیجان رعایتی نرخ پر ایل این جی دے گا، پاکستان سے دیگر اہم معاہدے بھی طے پاگئے

جمعرات 15 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آذربائیجان نے توانائی، تجارت ،ہوا بازی ، تعلیم ،سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک میں یہ معاہدہ بھی طے پاگیا کہ آذربائیجان سے اگلے ماہ سے رعایتی ایل این جی کارگو پاکستان آنا شروع ہو جائیں گے۔

جمعرات کو زوگلبا پیلس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں رہنماؤں نے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں دارالحکومتوں کے درمیان آذربائیجان ایئر لائن کی پروازیں شروع کرنے، فوجی مشقوں میں اضافے اور توانائی، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس میں یہ بھی بتایا گیا کہ آذر بائیجان کی ایئر لائن اسلام آباد کے لیے پرواز شروع کر رہی ہے، آذربائیجان کی آذر ائیر لائن اسلام آباد اور کراچی کے لیے 2 پروازیں چلائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے باکو شہر کے پرکشش بنیادی ڈھانچےاور مسحور کن باغبانی کے لیے صدر الہام علیوف کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے آان سے کہا کہ وہ باغبانی اور ویسٹ مینجمنٹ کے اپنے ماہرین کی خدمات اسلام آباد کے لیے دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مفید بات چیت کے دوران ہمارے درمیان مختلف دوطرفہ اور کثیر الجہتی امور پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا ہے ار ہمارے تعلقات باہمی اعتماد اور خلوص پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کی کمی کا سامنا ہے اور ہمارا ملک سالانہ 27 ارب ڈالر درآمدی ایندھن پر خرچ کرتا ہے لیکن یوکرین کے بحران کی وجہ سے درآمدی اشیا کی قیمتوں اور تیل کی قیمت میں اضافے کے چیلنج کی وجہ سے یہ ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت صنعتوں، برآمدات اور تجارت کے لیے مہنگے درآمدی ایندھن کی جگہ شمسی توانائی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان سے چاول کی برآمد میں سہولت کے لیے پاکستانی چاول پر ڈیوٹی ختم کرنے پر صدر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام آباد کے لیے آذربائیجان ایئر لائن کی پروازیں شروع کرنے کا خیرمقدم کرتا ہے اور آذربائیجان کے ہوا بازی کے وزیر کو دعوت دی کہ دوطرفہ سیاحت کے فروغ کے لیے باکو اور کراچی کے درمیان پروازیں چلانے کے معاملہ کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کریں۔

وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کی بھرپور حمایت پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں سمیت مقبوضہ وادی میں بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں اور بربریت کے بارے میں آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان آذربائیجان کی علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے اور آذربائیجان کے حقوق کے لیے لڑنے والی ملکی افواج کی بہادری کو سراہتا ہے۔

گوادر کی بندرگاہ کے بھرپور مواقع کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت کے فروغ کے لیے تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاع کے شعبہ میں تعاون کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کیونکہ یہ کسی جارحیت کے لیے نہیں بلکہ خطے کے امن کے لیے ہے۔

صدر الہام علیوف کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ پیٹرولیم اور شمسی توانائی کے شعبوں میں بات چیت کے لیے آذربائیجان کے معیشت، ہوا بازی اور توانائی کے وزرا کے وفود کے دورے کے منتظر ہیں۔

صدر الہام علیوف نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا باکو میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے توانائی، دفاع اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان مزید پاکستانی طلبا کی میزبانی کی امید رکھتا ہے اور پاکستانی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم آذری طلبا نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فوجی مشقوں کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کیا ہے کیونکہ بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر فوجی صلاحیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط فوجی صلاحیت آزادی اور علاقائی سالمیت کی ضامن ہے ،آذربائیجان نے کاراباخ ریجن کو مذاکرات کے ذریعے نہیں بلکہ اپنی فوجی طاقت سے آزاد کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان ہمیشہ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے مختلف معاملات پر خیالات یکساں ہیں۔ آذربائیجان کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے پاکستان کے عوام کو مبارکباد دی کہ ان کے پاس وژن رکھنے والا ایک ایسا عظیم لیڈر موجود ہے جو ملک کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔

ایل این جی سے متعلق وزیراعظم ہاؤس کا اعلامیہ

دریں اثنا وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آذربائیجان سے اگلے ماہ سے رعایتی ایل این جی کارگو پاکستان آنا شروع ہو جائیں گے اور کابینہ نے آذربائیجان سے ایل این جی پاکستان لانےکی منظوری دے دی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ 6 ماہ سے اس ڈیل پر کام کر رہے تھے، آذربائیجان کی قومی ایل این جی کمپنی ہر ماہ رعایتی قیمت پر ایک ایل این جی کارگو پاکستان بھجوائے گی۔

آذربائیجان تیل و گیس کے شعبے میں مدد کرے گا

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ آذربائیجان پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنےمیں تعاون کرےگا، آذربائجان پاکستان کی تیل و گیس کے شعبے میں مدد کرے گا۔

صدر الہام علیوف کا کہنا تھا آذربائیجان پہلے ہی پاکستان سے درآمدی چاول پر امپورٹ ڈیوٹی سے استثنیٰ دے چکا ہے،۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ شمسی توانائی کے شعبے میں آذربائیجان پاکستان میں سرمایہ کاری کرےگا، دفاع کے شعبے میں تعاون کو بڑھایا جائے گا۔

وزیراعظم کا ٹوئٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ صدر الہام علیوف کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر مفید تبادلہ خیال ہوا ہے۔

جمعرا ت کو اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ صدر الہام علیوف کے ساتھ ملاقات انتہائی مفید رہی جس میں ہم نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور ہم نے اپنے بہترین تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مشترکہ عزم کے مطابق تجارت، سرمایہ کاری، توانائی ، دفاع، سیاحت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اور ان کا وفد پاکستان اور پاکستان کے عوام کے لیے آذربائیجان کے لوگوں کی محبت سے بہت متاثر ہوئے ہیں، باکو میں لہراتے پاکستانی پرچموں کی بہار دیدنی تھی، عوام کے درمیان باہمی محبت اور احترام پر مبنی یہ رشتہ ہمارے تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملہ پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں کاراباغ کے معاملے پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قیادت کی سطح پر مشترکہ عزم ہمارے دوطرفہ تعلقات کو عصری دور کے تقاضوں کے مطابق نئی شکل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہم مل کر اسے پورا کریں گے۔

وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے روسی زبان سے گپ شپ

وزیراعظم شہباز شریف نے روسی زبان میں بات چیت سے مہمانوں اور میزبانوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے بھی روسی زبان میں گپ شپ کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp