21 سالہ نوجوان نے روبکس کیوب کو حیرت انگیز طور پر 3.13 سیکنڈ میں حل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ میکس پارک کو گزشتہ ہفتے 3×3 روبکس کیوب کو صرف 3.13 سیکنڈ میں حل کر لینے پر نیا عالمی ریکارڈ ہولڈر قرار دیا گیا ہے، جس نے سابق چیمپیئن یوشینگ ڈو کے 3.47 سیکنڈ کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق میکس پارک کی تاریخی کامیابی 11 جون کو کیلیفورنیا میں ہوئے ایک مقابلے میں سامنے آئی، جس کی نگرانی ورلڈ کیوب ایسوسی ایشن کرتی ہے، مقابلے میں کیوبنگ کی دنیا کے کچھ بہترین افراد روبیک کی ہر قسم کی پہیلیوں کو حل کرنے کے لیے جوق در جوق آتے ہیں۔ اگرچہ 3 سیکنڈ کا حل پہلے ہی مبصرین کے لیے حیران کن کارنامہ ہے لیکن یہ اسپیڈ کیوبنگ ماسٹر کے پہلے ریکارڈ سے بہت بہتر ہے۔
میکس پارک گنیز ورلڈ ریکارڈز ہال آف فیم کے دیرینہ رکن ہیں، اس وقت ان کے پاس کیوبنگ سے متعلق متعدد ٹائٹلز بھی ہیں۔ اپنی تازہ ترین کامیابی کے علاوہ، پارک کو ریکارڈ وقت میں 4x4x4، 5x5x5, 6x6x6 اور 7x7x7 کیوبز کو حل کرنے کے لیے چیمپئن مانا جاتا ہے۔
پارک کے والدین نے بتایا کہ پارک کو 2 برس کی عمر میں آٹزم کی تشخیص ہوئی تھی اور اس نے روبیکس کیوب کو تھراپی کی ایک شکل کے طور پر استعمال کرنا شروع کیا، آخر کار وہ اتنا ماہر ہوگیا کہ بریک بیک کی رفتار سے ہر قسم کی پہیلیوں کو حل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ پارک کے والدین جو روبیکس کیوب کے سرکاری سفیر بھی ہیں، نے کیوبنگ کو اپنے بیٹے کے لیے ’زندگی بدلنے والا‘ تجربہ قرار دیا ہے۔
پارک کے والدین کا کہنا ہے کہ ’ سوچو مت صرف حل کرو‘ یہی سوچ میکس پارک کی بہت سی کامیابیوں اور کمیونٹی کے لیے ترغیب کا کام کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیوبنگ کے شوقین افراد کو میکس پارک کی تازہ ترین کامیابی کو اپنے گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں بہتری سمجھتے ہوئے، ان کے اگلے بڑے ریکارڈ پر نظر رکھنی چاہئے جو یقیناً جلد یا بدیر آنے کو ہے۔