فیفا ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی سے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرنے والے کیپ وردے کے تجربہ کار گول کیپر ووزینہ نے چلی کے معروف فٹبال کلب کولو کولو میں شمولیت پر اتفاق کر لیا ہے۔
کیپ وردے کے 40 سالہ گول کیپر ووزینہ، جو فیفا ورلڈ کپ کے نمایاں ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے گئے، نے چلی کے معروف فٹبال کلب کولو کولو میں شمولیت پر اتفاق کر لیا ہے۔
Vozinha to Colo Colo.
Cape Verde's world cup hero secures a deal with Chilean side Colo Colo. pic.twitter.com/ggZBEXmBoa— Theredcardpod (@Theredcardpod) July 25, 2026
رائٹرز کے مطابق کولو کولو کے صدر انیبال موسا نے بتایا کہ آزاد حیثیت رکھنے والے ووزینہ آئندہ چند روز میں طبی معائنے کے لیے چلی پہنچیں گے، جس کے بعد انہیں باضابطہ طور پر کلب کے ہوم گراؤنڈ اسٹیڈیو مونیومنٹل میں متعارف کرایا جائے گا۔
انیبال موسا نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ووزینہ کی شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اس موقع کے مستحق ہیں۔ ان کے بقول یہ معاہدہ کھیل کے ساتھ ساتھ کلب کے لیے تجارتی اور تشہیری اعتبار سے بھی اہم ثابت ہوگا۔
اگرچہ معاہدے کی باضابطہ تکمیل ابھی باقی ہے، تاہم کولو کولو نے سوشل میڈیا پر ووزینہ کے مخصوص گھنگریالے بالوں کی جھلک دکھاتے ہوئے ان کی آمد کا عندیہ دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسپین سے فائنل ہارنے والی ارجنٹائن ٹیم کا ریڈ کارپٹ استقبال، میسی غائب
ووزینہ نے ورلڈ کپ سے قبل پرتگال کے دوسرے درجے کے کلب شاویز سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ ورلڈ کپ میں انہوں نے پہلی بار شریک ہونے والی کیپ وردے کی ٹیم کو دفاعی طور پر مضبوط انداز میں پیش کیا، اسپین کے خلاف میچ بغیر کسی گول کے برابر کرانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ آخری 32 کے مرحلے میں رنر اپ ارجنٹینا کو اضافی وقت تک سخت مقابلہ دیا۔
ان کی عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں شائقین کے ووٹوں سے منتخب فیفا ورلڈ کپ ڈریم ٹیم میں بھی ووزینہ کو شامل کیا گیا تھا۔













