روس کو چاول کی ایکسپورٹ میں پیشرفت، مزید 15 پاکستانی ملز کو اجازت مل گئی

جمعہ 16 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈیپارٹمنٹ آ ف پلانٹ پروڈکشن ( ڈی پی پی) نے روس کو چاول برآمد کرنے کے لیے چاول کے مزید 15 ملز کی منظوری حاصل کرلی۔

اے پی پی کے مطابق روس کی فیڈرل سروس برائے ویٹرنری اینڈ فائٹوسینٹری سرویلنس نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن ( ڈی پی پی ) وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ پاکستان کو اس امرکی تصدیق کی ہے کہ مزید 15 رائس ملز اب روس کو چاول برآمد کر سکتی ہیں۔ یہ برآمدات اور ریاست کی مجموعی معیشت کو فروغ دینے کی طرف بڑی کامیابی ہے۔

روس نے چند سال پہلے چاول میں کیڑے مار ادویات اور کیڑوں کی وجہ سے پاکستانی چاول کی برآمدات پر پابندی لگا دی تھی تاہم اسے سنہ 2021 میں اٹھا لیا گیا تھا اور صرف 4 رائس ملوں کو پاکستان سے روس کو چاول برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم اب حکومتی کاوشوں کے سبب مزید ملز کو اجازت مل گئی ہے۔

محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان ( آ ر سی اے پی) کے تعاون سے چاول کی برآمدات کے لیے ایس پی ایس کی شرائط کی تعمیل کے لیے روسی فیڈریشن کی طرف سے تجویز کردہ گائیڈنس دستاویز کے مطابق مزید 15 ملوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے۔

اس ضمن میں انتھک کوششیں کی گئیں تاکہ ان اداروں کو روس کی ایس پی ایس ضروریات کے مطابق بنایا جا سکے اور چاول کے معیار اور مقدار میں بہتری کے ذریعے چاول برآمد کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ اب پاکستان سے چاول کے 19 ادارے روسی فیڈریشن کو چاول برآمد کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp