ٹوئٹر کی اسمارٹ ٹی وی کے لیے ویڈیو ایپ جلد لانچ کی جائے گی، ایلون مسک

اتوار 18 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایلون مسک نے کہا کہ کمپنی ٹوئٹر اسمارٹ ٹی وی ایپ کے منصوبے پر کام کررہی ہے، بہت جلد ویڈیوز کے لیے ایک الگ پلیٹ فارم تیار کیا جائے گا جہاں ویڈیوز اور پولیٹیکل شوز اسمارٹ ٹی وی پر بھی دیکھے جا سکیں گے۔

عرب نیوز کے مطابق ہفتے کے روز ایلون مسک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بہت جلد ایک نئی ایپ متعارف کروا رہے ہیں جس میں ویڈیوز اور شوز اسمارٹ ٹی وی کی اسکرین پر دیکھے جا سکیں گے۔

ٹوئٹر کی نئی سی ای او لنڈا یاکارینو اور ایلون مسک نے جمعرات کو پیرس ٹیک کانفرنس کے موقع پر کہا کہ ٹوئٹر کے ڈیجیٹل اشتہارات سے ہٹ کر سوشل میڈیا کمپنی کے کاروبار کو زندہ کرنے کے لیے تخلیقی ویڈیوز اور تجارتی شراکت داری پر توجہ مرکوز کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے، جس پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔

عرب نیوز کے مطابق فاکس نیوز کے سابق میزبان ٹکر کارلسن نے اس ماہ ٹوئٹر پر ایک نیا شو شروع کیا ہے جس کو “Tucker on Twitter” کا نام دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی نے کارلسن کے شو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس شو کے لیے اشتہارات اور اسپانسرشپ فروخت کی جا سکتی ہے لیکن اس کے لیے ایک الگ ویڈیو پلیٹ فارم متعارف کرایا جائے گا۔

ایلون مسک نے کارلسن شو کی ویڈیو کو ٹوئٹر پر شیئر بھی کیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ بظاہر تو ٹوئٹر اسمارٹ ٹی وی ایپ یوٹیوب طرز کی ایپ ہو گی، جسکو اسمارٹ ٹی وی اور موبائل فون دونوں جگہ استعمال کیا جا سکے گا اور اشتہارات کے ذریعے پیسے بھی کمائے جا سکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp