نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے کہا ہے کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، آئی ٹی اور جہازرانی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 10 سال بعد ناروے کے وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت مستقل بنیادوں پر جاری ہے اور دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے ناروے کی کمپنی یارا انٹرنیشنل کی فوجی فرٹیلائزر کے ساتھ شراکت داری کو مستقبل کے بڑے سرمایہ کاری منصوبوں کے لیے اہم پیشرفت قرار دیا۔
مزید پڑھیں:ناروے کے وزیر خارجہ اسپن بارتھ ایدے پاکستان پہنچ گئے
اسحاق ڈار نے بتایا کہ گزشتہ 2 برس میں پاکستان کی ناروے کو آئی ٹی برآمدات میں 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی، شپ ری سائیکلنگ، عوامی روابط، ہنرمند افراد کی قانونی امیگریشن اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ کی مشترکہ نیوز کانفرنس pic.twitter.com/zFXNQ9cE5d
— WE News (@WENewsPk) August 13, 2026
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے کہا کہ ایران امریکا جنگ میں پاکستان کے ثالثی کردار کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات کی میزبانی اور سہولتکاری پاکستان کے لیے بڑا کام تھا، وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششیں دنیا کے لیے اہم خدمت ہیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان اور ناروے کا دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
انہوں نے کہا کہ ناروے بین الاقوامی قوانین کی یکساں پاسداری پر یقین رکھتا ہے اور ایران کے ساتھ اختلافات کے باوجود ایک ریاست کے طور پر ایران کا محفوظ رہنا اس کا حق ہے۔ ناروے خطے میں بلا روک ٹوک جہازرانی کا بھی حامی ہے۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ناروے نے جموں و کشمیر، افغانستان، فلسطین اور موسمیاتی تبدیلی سمیت علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور 2 ریاستی حل کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔














