چیئرمین شپ سے دستبرداری، نجم سیٹھی نے وی نیوز کی خبر کی تصدیق کر دی

منگل 20 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے خود کو چیئرمین کرکٹ بورڈ کی دوڑ سے الگ کر لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں وہ پی سی بی چیئرمین شپ کے امیدوار نہیں ہیں۔ یوں نجم سیٹھی نے وی نیوز کی خبر کی تصدیق بھی کر دی جو نمائندہ وی نیوز زبیر علی خان نے 9 جون کو دی تھی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں نجم سیٹھی نے لکھا کہ ’میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان تنازع کا سبب نہیں بننا چاہتا، اس طرح کا عدم استحکام پی سی بی کے لیے بھی ٹھیک نہیں، موجودہ صورتحال میں اب میں چیئرمین شپ کا امیدوار نہیں ہوں۔‘

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان گزشتہ کئی روز سے تنازع چلا آ رہا تھا، ن لیگ چاہتی تھی کہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے معاملات کو بہتر انداز سے چلا رہے ہیں اس لیے انہیں ہی برقرار رکھا جائے جبکہ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا حق ہے، حکومت اگر نجم سیٹھی کو رکھنا چاہتی ہے تو انہیں کہیں اور لگا دیا جائے۔ تاہم اب نجم سیٹھی نے خود کو کرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ کی دوڑ سے باہر کر لیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف چیئرمین پی سی بی کے لیے جلد دو نام گورننگ بورڈ میں نامزد کریں گے، نجم سیٹھی کی جانب سے خود کو اس دوڑ سے باہر کرنے کے بعد ذکا اشرف کے لیے راہیں ہموار ہو گئی ہیں۔

وی نیوز کا اعزاز

یاد رہے کہ نمائندہ وی نیوز زبیرعلی خان 9 جون کو یہ خبر دے چکے ہیں کہ نجم سیٹھی کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور 6 جون کو یہ خبر بھی دی گئی تھی کہ پیپلز پارٹی نے چیئرمین پی سی بی کے لیے ذکا اشرف کا نام تجویز کر دیا ہے۔ قارئین خبر میں دیے گئے لنکس پر مذکورہ خبر کی تفصیلات پڑھ سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp