امام الحق کی انگلینڈ میں انجری، 2025 کی مبینہ جعلی انجری کا معاملہ دوبارہ زیر بحث آگیا

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق کی انگلینڈ میں سامنے آنے والی حالیہ انجری نے ان سے متعلق ایک پرانے تنازعے کو دوبارہ موضوع بحث بنا دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مارچ 2025 میں نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران امام الحق کی انجری کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پہلے ہی موجود ہے، جس میں ان کے انجری دعوے کو جعلی قرار دیتے ہوئے انہیں ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ اب پی سی بی موجودہ انجری کے معاملے کی بھی تحقیقات کرے گا۔

28 مارچ 2025 کو انڈور نیٹ سیشن کے دوران گیند امام الحق کے دائیں پاؤں کے انگوٹھے پر لگی تھی۔ بعد ازاں کرائے گئے ایکسرے میں انگوٹھے میں فریکچر یا ہڈی کے اپنی جگہ سے ہٹنے کے شواہد سامنے نہیں آئے تھے۔

اس واقعے کے بعد امام الحق کو طبی عملے کی جانب سے مخصوص ہدایات دی گئی تھیں، تاہم وہ افطار کے لیے قریباً 500 میٹر پیدل گئے۔ اس کے بعد انہوں نے انگوٹھے میں شدید درد اور اس کے سیاہ پڑنے کی شکایت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق معاملہ اس وقت مزید متنازع ہوگیا جب ٹیم ڈاکٹر نے مخصوص کیمیکل والے پیپر سے امام الحق کا انگوٹھا صاف کیا تو مبینہ سیاہ نشان ختم ہوگیا۔ پی سی بی کی انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں قرار دیا تھا کہ انگوٹھے سے صاف ہونے والا سیاہ مادہ قدرتی خون کا نشان نہیں بلکہ سیاہی یا مارکر تھا۔

امام الحق نے کمیٹی کے سامنے انگوٹھے پر سیاہی یا کسی مصنوعی مادے کے استعمال کی تردید کی تھی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیٹی نے ان کی وضاحت کو طبی شواہد، ایکسرے کے نتائج اور انگوٹھے کی ظاہری حالت سے مطابقت نہ رکھنے والا قرار دیا۔

انکوائری کے دوران ٹیم حکام کی جانب سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ امام الحق نگرانی میں لنگڑا کر چلتے دکھائی دیتے تھے، تاہم جب وہ نظروں سے اوجھل ہوتے تو معمول کے مطابق چلتے تھے۔

کمیٹی نے ان شواہد کی بنیاد پر متفقہ طور پر قرار دیا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے امام الحق کو ان فٹ قرار دینے کی کوئی طبی بنیاد موجود نہیں تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی انکوائری کمیٹی نے امام الحق کو انجری کی علامات مصنوعی طور پر ظاہر کرنے، انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کرنے اور طبی عملے کو گمراہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر خود کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے سے باہر رکھنے کی کوشش کی۔

کمیٹی نے اس معاملے کو محض ایک معمولی طبی تنازع نہیں سمجھا بلکہ اسے دانستہ، پہلے سے طے شدہ اور دھوکہ دہی پر مبنی اقدام قرار دیتے ہوئے امام الحق پر تمام فارمیٹس اور تمام سطحوں پر پاکستان کی نمائندگی سے پابندی عائد کرنے کی سفارش بھی کی تھی۔

اس وقت کے تنازعے میں یہ الزام بھی سامنے آیا تھا کہ امام الحق نیوزی لینڈ کی تیز اور مشکل پچز پر اوپننگ کرنے سے گریز کرنا چاہتے تھے۔

اب انگلینڈ میں امام الحق کی تازہ انجری کے دعوے کے بعد مارچ 2025 کی وہ انکوائری رپورٹ ایک بار پھر اہمیت اختیار کرگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماضی کے اس معاملے کے پیش نظر پی سی بی موجودہ انجری کی صورتحال کا بھی جائزہ لے گا، جس کے بعد ہی یہ واضح ہوگا کہ حالیہ انجری کی نوعیت کیا ہے اور اس پر بورڈ کا مؤقف کیا بنتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

محبوبہ کو بھیجا گیا پرانا میسج والدہ کو مل گیا: گوگل نجی گفتگو نئے پیغامات کے ساتھ بھیجنے لگا، صارفین شرمندہ

سندھ طاس معاہدے پر ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کی اہم سفارتی فتح ہے، وزیر توانائی اویس لغاری

’شیروز‘ کا ٹریلر جاری، کنزہ ہاشمی، زارا نور عباس اور اشنہ شاہ نئے روپ میں

نوشکی: کمسن بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کیس میں 3 نامزد ملزمان گرفتار

ملکہ الزبتھ دوم کو ناراض کردینے والے گوریلا آرٹسٹ ’ہیلچ‘ 34 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ویڈیو

آبنائے ہرمز کے اعصابی مرکز لارک جزیرے پر امریکی حملہ، محدود کارروائی یا نئی جنگ کا آغاز؟

سرکاری و نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

پمز آتشزدگی: 1122 پر کال موصول ہوتے ہی ریسکیو فائر بریگیڈ کی گاڑی 6 منٹ میں اسپتال کیسے پہنچی؟

کالم / تجزیہ

پاکستان ہاکی کا زوال کیسے ختم ہوگا؟

سلام سسٹر رضیہ نورین!

قبض، گٹر اور انقلاب