اب ٹی وی سے بات کریں، ایمازون نے فائر ٹی وی پر الیکسا پلس متعارف کرا دیا

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹیکنالوجی کمپنی ایما زون نے امریکا میں مطابقت رکھنے والے فائر ٹی وی ڈیوائسز کے لیے اپنے جدید مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی معاون الیکسا پلس کی فراہمی شروع کردی ہے۔

اس سروس کے لیے صارفین کو نہ اضافی رقم ادا کرنا ہوگی، نہ کوئی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا پڑے گی اور نہ ہی الگ سبسکرپشن فعال کرنا ہوگی۔ اہل ڈیوائسز کو یہ اپ گریڈ خودکار طور پر موصول ہوگا، جبکہ اس سہولت کے لیے ایما زون پرائم کی رکنیت بھی لازمی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایمازون کی اوپن اے آئی میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تیاری

الیکسا پلس کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ روایتی وائس کمانڈز کے بجائے زیادہ قدرتی اور مسلسل گفتگو کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، صارف کسی فلم کا نام یاد رکھنے کے بجائے اس کی نوعیت بیان کرکے اسے تلاش کرسکتا ہے اور بعد میں مزید سوالات یا ہدایات دے سکتا ہے۔

مثلاً صارف کسی مخصوص قسم کی سنسنی خیز فلم تلاش کرنے کے بعد کہہ سکتا ہے کہ نتائج میں مزاحیہ فلمیں شامل کی جائیں یا 2 گھنٹے سے کم دورانیے والی فلمیں دکھائی جائیں۔

ایما زون کے مطابق فائر ٹی وی پر الیکسا پلس کے ساتھ صارفین کی گفتگو روایتی الیکسا کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہوگئی ہے، جبکہ صارفین کی جانب سے الیکسا کی تجویز کردہ فلم منتخب کرنے کے امکانات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: ایمازون پر ملازمین چرانے کا الزام، وارنر برادرز نے عدالت میں بڑا مقدمہ دائر کردیا

الیکسا پلس صرف فلمیں اور ٹی وی پروگرام تلاش کرنے تک محدود نہیں، صارف اس کے ذریعے اداکاروں کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتا ہے، معاون اسٹریمنگ سروسز پر کسی فلم کے مخصوص منظر تک براہ راست پہنچ سکتا ہے، اسپورٹس اسکور معلوم کرسکتا ہے اور عمومی سوالات بھی پوچھ سکتا ہے۔

یہ اے آئی معاون مطابقت رکھنے والے اسمارٹ ہوم آلات کو بھی کنٹرول کرسکتا ہے، صارف ٹی وی کی اسکرین پر سیکیورٹی کیمرے کی ویڈیو دیکھنے، کمرے کی لائٹس مدھم کرنے یا دیگر منسلک آلات کو کنٹرول کرنے کی ہدایات دے سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: اے آئی ایجنٹس سے کن افراد کی ملازمتوں کو خطرہ نہیں؟ ایمازون ویب سروسز کے سربراہ نے بتا دیا

الیکسا پلس استعمال کرنے کا طریقہ فائر ٹی وی ڈیوائس کے ماڈل کے لحاظ سے مختلف ہے، فائر ٹی وی اسٹک میں صارف کو ریموٹ کے مائیکروفون بٹن کو دبا کر کمانڈ دینی ہوتی ہے، جبکہ فائر ٹی وی کیوب میں بلٹ اِن مائیکروفون کے ذریعے دور سے بھی الیکسا کو فعال کیا جاسکتا ہے۔

بعض اسمارٹ ٹی وی ماڈلز میں بھی ہینڈز فری الیکسا کی سہولت موجود ہے۔

البتہ نئی سہولت کے ساتھ پرائیویسی کے سوالات بھی اہم ہیں، ہینڈز فری ڈیوائسز میں مائیکروفون کو بند کرنے کے لیے مخصوص بٹن یا سوئچ موجود ہوتا ہے، ایما زون کے مطابق اسے بند کرنے سے مائیکروفون کی بجلی منقطع ہوجاتی ہے اور سرخ روشنی صارف کو اس کی نشاندہی کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: ایمازون کا اپنے 30 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ، تاریخی ڈاؤن سائزنگ کی وجہ کیا بنی؟

صارف الیکسا ایپ میں الیکسا پرائیویسی کے ذریعے اپنی وائس ریکارڈنگز، ٹرانسکرپٹس اور دیگر درخواستوں کی تاریخ بھی دیکھ اور حذف کرسکتے ہیں۔ فائر ٹی وی میں پرائیویسی سیٹنگ کے ذریعے ڈیوائس استعمال، ایپ استعمال اور دلچسپی پر مبنی اشتہارات سے متعلق ڈیٹا سیٹنگز بھی تبدیل کی جاسکتی ہیں۔

ایما زون کے مطابق امریکا میں مطابقت رکھنے والے فائر ٹی وی پر الیکسا پلس کی متعدد سہولیات اضافی قیمت کے بغیر دستیاب ہیں، تاہم الیکسا پلس کی مکمل سہولیات کے لیے غیر پرائم صارفین کو الگ اسٹینڈرڈ پلان درکار ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق الیکسا پلس فائر ٹی وی پر روایتی وائس سرچ کو زیادہ قدرتی اور آسان بنانے کی جانب اہم قدم ہے، تاہم صارفین کو خودکار اے آئی اپ گریڈ کے بعد اپنی پرائیویسی اور مائیکروفون سیٹنگز کا جائزہ ضرور لینا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp