ضرورت سے زیادہ اعتماد نقصان دیتا ہے، 27 ستمبر کا احتجاج پی ٹی آئی کو 2 سال پیچھے دھکیل دے گا، رانا ثنااللہ

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو 9 مئی کے معاملے پر بھی بہت زیادہ اعتماد تھا، اتنا اعتماد تھا کہ بڑی غلطی کر بیٹھے، جبکہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے بعد پی ٹی آئی 2 سال پیچھے چلی جائے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد عمران خان کو کہا گیا تھا کہ 25 مئی کا الٹی میٹم نہ دیں، الیکشن کا اعلان ہو رہا ہے۔ پھر اس کے بعد 25 نومبر کو بھی پی ٹی آئی کو کہا گیا کہ سنگجانی میں جاکر بیٹھ جائیں آپ سے بات ہوگی مگر یہ نہیں مانے۔

مزید پڑھیں: سہیل آفریدی کی 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی کال، پی ٹی آئی میں اختلافات نمایاں

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ہمیشہ ضرورت سے زیادہ پراعتماد ہوتے ہیں، ایسے اعتماد کو حماقت بھی کہا جاتا ہے اور اس کے بعد یہ اپنا نقصان کروا بیٹھتے ہیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ 20 لاکھ لوگ تو دور کی بات، پی ٹی آئی والے 2 لاکھ آدمی بھی نہیں لاسکتے۔ پی ٹی آئی والے بھڑک تو مار دیتے ہیں مگر بعد میں ہوتا کچھ نہیں ہے۔

کراچی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ نے کہاکہ کراچی سندھ سے الگ ہوجائے تو ایم کیو ایم کو اور کیا چاہیے۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ کراچی کو وفاق کے زیرانتظام لانے کی آئین میں گنجائش نہیں، اس کے لیے دوبارہ آئین میں ترمیم کرنا ہوگی جو متنازع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بااختیار بلدیاتی نظام سے متعلق حکومت کا ایم کیو ایم سے وعدہ ہے۔

انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے معاملے پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ دونوں الگ الگ چیزیں ہیں۔ صوبوں سے متعلق بل آخر پارلیمنٹ میں ہی آنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی میں صوبوں سے متعلق بحث ہوگی تو اکثریت سے مؤقف اپنایا جائے گا۔ صوبوں کا بل پارلیمنٹ میں آنے سے پہلے کابینہ میں آنا ہے، اور حکومتی مؤقف کابینہ سے ہی آئے گا۔

انہوں نے 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے کہاکہ لوگ کہتے ہیں 26ویں ترمیم آئی تو کسی کو پتا نہیں تھا، ایسا نہیں ہے۔ 26ویں آئینی ترمیم پہلے کابینہ میں آئی تھی۔

مزید پڑھیں: بیرسٹر سیف کا عمران خان سے رابطہ بحال، علی امین گنڈاپور عرصے بعد متحرک ہوگئے، سہیل آفریدی سے بھی دوریاں ختم

پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ان کا تعلق صوبوں کی بحث سے نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ سندھ میں 2 دن تک صوبوں کے معاملے پر بحث ہوئی۔ پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے، تاہم پیپلز پارٹی نے یہ نہیں بتایا کہ کون سندھ کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp