برطانیہ میں جیولری شاپ پر انوکھی واردات، ڈاکو گاڑی سے ٹکر مار کر دکان میں داخل ہوگئے، ویڈیو وائرل

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں جیولری کی ایک دکان پر ڈاکوؤں نے فلمی انداز میں دھاوا بول دیا۔ ملزمان نے فور بائی فور گاڑی کو دکان سے بار بار ٹکر مار کر راستہ بنایا اور پھر نقاب پوش افراد اندر داخل ہوگئے۔ اس اچانک حملے سے دکان میں موجود گاہک خوفزدہ ہوگئے اور ایک دوسرے سے لپٹ گئے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فور بائی فور گاڑی بریڈفورڈ کی ڈک ورتھ لین اور ٹولر لین کے سنگم پر واقع جیولری شاپ کے سامنے رکتی ہے اور پھر اسے دکان سے ٹکر مارنا شروع کردیتی ہے۔ گاڑی کے مسلسل ٹکرانے سے دکان کا داخلی حصہ متاثر ہوتا ہے اور موقع ملتے ہی بالاکلاوا پہنے کئی افراد اندر گھس جاتے ہیں۔

پولیس کو واقعے کی اطلاع دوپہر ایک بج کر 19 منٹ پر دی گئی۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے لگے تو دکان کے عملے نے بھی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا پیچھا کیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک شخص کے ہاتھ میں کلہاڑی جبکہ دوسرے کے ہاتھ میں بیس بال بیٹ دکھائی دیتا ہے۔ تعاقب کے دوران دکان کے عملے کی جانب سے فرار ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک کی پچھلی کھڑکی بھی توڑ دی گئی۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور متعدد سڑکیں بند کردیں۔ جائے وقوعہ پر شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں چوری کی انوکھی واردات

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یَپ نامی اکاؤنٹ نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو دوپہر کے وقت جیولری شاپ پر فور بائی فور گاڑی کے ذریعے حملے کی اطلاع ملی تھی۔ ویڈیو میں دکان کے اندر موجود افراد کو خوفزدہ حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کی جانب سے تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ واردات میں کتنے افراد ملوث تھے اور ملزمان کتنی مالیت کے زیورات یا دیگر سامان لے جانے میں کامیاب ہوئے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp