’کوئی ایسا ورثہ چھوڑ کر جائیں کہ لوگ آپ کو یاد کریں‘، خواجہ آصف کا چیف جسٹس کو پیغام

جمعرات 22 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جس طرح ہمارے شہداء کی یادگاروں پر، آرمی تنصیبات پر حملے ہوئے، بظاہر حملے کرنے والے سیاسی کارکن تھے لیکن ان کو ریاست پر حملے کی ترغیب عمران خان نے دی۔ جو لوگ ملٹری کورٹس کا معاملہ سپریم کورٹ میں لے کر گئے ان کے سیاسی مقاصد ہیں، چیف جسٹس کوئی ایسا ورثہ چھوڑ کر جائیں کہ لوگ ان کو یاد کریں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ یہ کوئی پہلی دفعہ نہیں کہ ملٹری کورٹ میں سویلینز کا ٹرائل ہو رہا ہے، تحریک انصاف کی حکومت میں کئی درجن لوگوں کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل ہوا۔ اگر کوئی میری بات کی تصدیق کرے تو تقریبا 25،24 لوگوں کو سزا بھی دی گئی، ماضی میں ملٹری کورٹس کے کئی مقدمات کو سپریم کورٹ نے درست بھی قرار دیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ملٹری کورٹس کے معاملے پر سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا ہے لیکن میں یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتا ہوں کہ پارلیمنٹ نے بار بار اس بات پر زور دیا ہے کہ ادارے اپنی حد سے تجاوز نہ کریں۔ جب ادارے حد سے تجاوز کرتے ہیں تو تصادم کی کیفیت بن جاتی ہے۔ جب اداروں میں کیفیت تصادم کی بنے تو یہ کوئی ملک کے لیے اچھا شگون نہیں ہوتا۔

وزیر دفاع کے مطابق جو لوگ ملٹری کورٹس کا معاملہ سپریم کورٹ میں لے کر گئے، ان کے سیاسی مقاصد ہیں، ان کی وابستگی اپنی اپنی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ہے، جن لوگوں کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو رہا ہے، تاریخ میں ایسے جرائم کسی سے سرزد نہیں ہوئے جو ان لوگوں نے کیے۔‘

’مجھے معلوم نہیں کہ کتنے لوگوں کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہو رہا ہے لیکن یہ ممکن ہے کہ کچھ لوگوں کا ہر حال میں ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو گا، ان لوگوں کے جرائم’ کا گھناؤنا پن بھی تو دیکھیں۔‘

انہوں نے کہا ’بار بار یہ آواز گونج رہی ہے کہ جس طرح ہمارے شہدا کی یادگاروں پر، آرمی تنصیبات پر حملے ہوئے، بظاہر حملے کرنے والے سیاسی کارکن تھے لیکن ان کو ان کے’ لیڈران کی طرف سے اشتعال دلایا گیا کہ وہ ریاست پر حملہ کریں، ریاست پر حملے کی ان کو ترغیب عمران خان نے دی۔‘

خواجہ آصف نے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کا نام لیے بغیر کہا کہ ’جو لوگ یہ معاملہ عدالت میں لے کر آئے ہیں اور جو یہ معاملہ سن رہے ہیں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ جا رہے ہیں، کوئی ایسا ورثہ چھوڑ کر جائیں کہ لوگ آپ کو یاد کریں کہ آپ انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر بیٹھے ہوئے تھے، یہ نہ ہو کہ آپ قصہ پارینہ بن جائیں اور تاریخ آپ کو ڈیلیٹ کر دے، یہ قومی عزت اور وقار کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا ’روز شہادتیں ہو رہی ہیں پاک فوج کے جوانوں کی، یہ لوگ ہمارے محسن ہیں، اس سے بڑھ کر کسی ریاست میں کوئی جرم نہیں ہوتا کہ آپ شہدا کو وجہ تنازعہ بنائیں، پارلیمنٹ اس معاملے کو پروٹیکٹ کرے، عدلیہ نے پہلے ہی پارلیمنٹ کے کام میں مداخلت کی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس کا معاملہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp