وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف نے دورہ فرانس کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں اور اداروں کے سربرہان سے ملاقاتیں کی ہیں اور مختلف سیاسی، معاشی اور سماجی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں کو پاکستان کی معاشی مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف ان دنوں نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے فرانس کے دارلحکومت پیرس میں ہیں، جہاں انہوں نے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں وزیراعظم کی فرانس میں مصروفیات اورعالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کی تفصیلات جاری کی ہیں جن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فرانس کے صدر سے ملاقات کی اور انہیں نئے عالمی مالیاتی معاہدے پرسربراہی اجلاس بلانے پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے دورے کی دعوت اور پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے فرانسیسی صدر سے کہا کہ آپ نے ترقی پذیر ممالک کیساتھ مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرات مندانہ قدم اٹھایا، ترقی پذیر ممالک کووسائل کی عدم دستیابی اور قرض ادائیگیوں کےبوجھ اورترقی کے مسائل درپیش ہیں۔
ادھر فرانس کی وزیر برائے یورپ و خارجہ امورکیتھرین کولونا نے بھی وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی اور ان کا بھرپور استقبال کیا ۔ ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اسلامی ترقیاتی بینک ( آئی ایس ڈی بی) کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور آئی ایس ڈی بی کے درمیان دیرینہ تعاون اور روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یورپی کمیشن کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے رواں سال 9 جنوری کو جنیوا میں منعقدہ ’’ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس‘‘ میں شرکت پر یورپی کمیشن کی سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلی سطح کے روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے یورپی کمیشن کی سربراہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم شہبازشریف اور چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان بھی ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، چین پاکستان اقتصادی راہداری سمیت معاشی تعاون کے فروغ، اعلیٰ سطح کے رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے برازیل کے صدر لاﺅلا ڈی سلوا سے بھی ملاقات کی ہے جس میں دفاع سمیت دیگر معمالات میں برزایل کے تعاون کو سراہا ۔ ملٹی لیٹرل فورمز پر برزایل اور پاکستان کے تعاون پر دونوں قائدین نے اظہار اطمینان کیا
دونوں قائدین کا پاکستان اور برازیل کے درمیان دوطرفہ تعاون کومزید وسعت اور فروغ دینے، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔