سوشل میڈیا پر ان دنوں قربانی کے جانور ارزاں قیمتوں پر فراہم کرنے کا فراڈ زوروں پر ہے جس کے پیش نظر ایف آئی اے کراچی نے شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ نوسر بازوں کے اس جھانسے میں نہ آئیں اور آن لائن خردیداری میں احتیاط برتیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق جعلساز گروہ سوشل میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی سستے داموں فروخت کا لالچ دے کر لوگوں سے آن لائن پیسے منگواکر غائب ہوجاتے ہیں۔
ایسے گروہ شہریوں کو فیس بک اور واٹس ایپ پر قربانی کے جانوروں کی دلکش تصایر بھیجتے ہیں اور رقم کے علاوہ ہوم ڈیلیوری چارجز بھی وصول کرلیتے ہیں۔
ایف آئی اے نے عوام کو فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے قربانی کے جانوروں کی خریداری کے حوالے سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس کا مقصد آن لائن فراڈ کو روکنا اور عوام میں اس دھوکے بازی کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔