ہمالیہ میں کیمپ تیار کرتے ہوئے برفانی تودہ گرنے سے 15 نیپالی کارکن ہلاک

جمعرات 1 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وسطی نیپال میں غیر ملکی کوہ پیماؤں کے لیے کیمپ تیار کرنے والے کم از کم 15 نیپالی کارکن برفانی تودہ گرنے سے ہلاک ہو گئے جبکہ ایک تاحال لاپتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمالیہ ٹپنگ پوائنٹ کے قریب، گلیشیئرز کا قدرتی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار

رائٹرز کے مطابق ریسکیو حکام نے جمعرات کو بتایا کہ یہ رواں ماہ ختم ہونے والے خزاں کے کوہ پیمائی سیزن کا سب سے ہلاکت خیز واقعہ ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق برفانی تودہ شمالی ضلع منانگ میں 7,126 میٹر (23,379 فٹ) بلند ہملنگ ہمالیہ پہاڑ کے بیس کیمپ پر گرا جہاں نیپالی کارکن خیمے لگا رہے تھے اور رسیاں باندھ رہے تھے۔

نیپال نیشنل ماؤنٹین گائیڈ ایسوسی ایشن کے صدر تل سنگھ گرونگ نے بتایا کہ ریسکیورز نے اب تک جائے وقوعہ سے 15 لاشیں نکالی ہیں۔

ان کے مطابق 8 لاشیں جمعرات کو برف کے نیچے سے نکالی گئیں، جبکہ دیگر 7 لاشیں رواں ہفتے کے شروع میں نکالی گئی تھیں۔

مزید پڑھیے: ہمالیہ کے سائے تلے بدھ مت کی قدیم عبادت گاہ

گرونگ نے بتایا کہ آج نکالی گئی لاشوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کٹھمنڈو لائے جانے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاپتا کارکن کے ملنے کے امکانات بہت کم ہیں اور ریسکیو آپریشن جلد ختم کیے جانے کا امکان ہے۔

برفانی تودہ گرنے کے وقت غیر ملکی کوہ پیما ابھی اس مقام پر نہیں پہنچے تھے۔

ہر سال ہزاروں سیاح نیپال کے پہاڑوں کی سیر یا انہیں سر کرنے کے لیے آتے ہیں جس سے ہزاروں افراد کے لیے گائیڈ، پورٹر اور دیگر عملے کے ساتھ ساتھ سیاحت سے متعلقہ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: نیپال میں تباہ کن سیلاب : 20 ہزار مکانات دوبارہ تعمیر کرنے کا تخمینہ، لاپتا افراد کی تلاش جاری

تاہم موسمیاتی تبدیلی کے باعث گلیشیئرز اور برف کے تیزی سے پگھلنے کے ساتھ یہ کام تیزی سے خطرناک ہوتا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp