پنجاب کے علاقوں سیالکوٹ،نارووال اور شیخو پورہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ سیالکوٹ اور نارووال میں 5 ،5 جبکہ شیخو پورہ میں ایک شخص کی آسمانی بجلی گرنے سے موت واقع ہوئی ہے۔
دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
لاہور میں 130 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلتی رہی۔ ایک گھنٹے کے دوران لاہور میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
بارش کے باعث پنجاب کے مختلف نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 26 اور 27 جون کو سیلاب کا خطرہ ہے، پی ڈی ایم اے
دوسری جانب پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 30 جون تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گجرانوالہ اور ڈی جی خان کے نشیبی علاقوں میں 26 اور 27 جون کو سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ملک میں 25 سے 30 جون تک بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جہلم، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد میں بارش متوقع ہے۔
اسی طرح منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے شہروں ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگرمیں 26 سے 29 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بتایا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کی وجہ سے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں اور شہروں میں 26 اور 27 جون کو سیلاب کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے جبکہ 27 جون کو ڈی جی خان میں شدید بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں جبکہ مسافروں اور سیاحوں کو خراب موسم میں ناخوشگوار حالات سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آندھی اورموسلا دھار بارشیں بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ جیسے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، کاشتکار بھی موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے زرعی امور کا بندوبست کریں۔
تاہم متاثرین کسی بھی قسم کی سول ایمرجنسی میں مدد کے لیے پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔