پاکستانی اداکارہ اسما عباس نے اپنے والد، معروف ادیب اور صحافی احمد بشیر کی نجی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے 2 شادیاں کی تھیں اور ان کی والدہ احمد بشیر کی دوسری اہلیہ تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’مجھے ان فالو کر دیں‘، اداکارہ اسما عباس نے ایسا کیوں کہا؟
ایک انٹرویو میں اسما عباس نے بتایا کہ ان کے والد کی پہلی شادی ان کے والدین نے اپنی ایک رشتہ دار لڑکی سے طے کی تھی، تاہم احمد بشیر اس شادی کے خواہش مند نہیں تھے۔ نکاح کے بعد وہ گھر سے چلے گئے اور ایک دوست کے گھر جاکر رہنے لگے، جہاں ان کے دوست نے پہلی اہلیہ سے طلاق کے معاملے میں ان کی مدد کی۔
اداکارہ کے مطابق پہلی شادی ختم ہونے کے بعد احمد بشیر نے ان کی والدہ سے شادی کی، جو ان کی رشتہ دار بھی تھیں۔ اس طرح اسما عباس کی والدہ ان کے والد کی دوسری اہلیہ بنیں۔
اسما عباس نے مزید بتایا کہ ان کے والد ان کی والدہ سے بے حد محبت کرتے تھے اور ان کے بغیر نہیں رہ سکتے تھے۔ انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کی والدہ نے پہلی اولاد، نیلم بشیر کو جنم دیا اور صحتیابی کے لیے اپنے میکے چلی گئیں تو احمد بشیر نے انہیں اگلے ہی روز واپس آنے کو کہا۔
یہ بھی پڑھیں: محبت عمر اور وقت کے ساتھ بدلتی ہے، اسما عباس
اسما عباس کے مطابق ان کی والدہ نے فوری واپسی سے انکار کیا تو احمد بشیر نے انہیں ڈرانے کے لیے طلاق کے جعلی کاغذات بھجوا دیے۔ یہ کاغذات دیکھ کر ان کی والدہ خوف زدہ ہوگئیں اور واپس گھر پہنچ گئیں، جہاں انہیں معلوم ہوا کہ طلاق کا نوٹس جعلی تھا۔










