پاکستان کے8ویں سیڈ عاصم خان نے وینس اے بی سی اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپیئن شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے، انہوں نے دوسرے راؤنڈ میں ملائیشیا کے شفیق کمال کو 1-3 سے شکست دے دی۔
کراچی کے ڈیفنس اتھارٹی کریک کلب کے آصف نواز اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں عاصم خان نے 48 منٹ کے مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے پہلا گیم 2-11 سے جیتا، تاہم دوسرے گیم میں انہیں 12-10 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عاصم خان نے تیسرے گیم میں 7-11 اور چوتھے گیم میں 6-11 سے کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: عاصم خان نے ورلڈ اسکواش چیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی کرلیا
عاصم خان کی کامیابی میزبان پاکستان کے لیے اہم پیش رفت ہے، کیونکہ ٹورنامنٹ کے پہلے روز حصہ لینے والے پاکستان کے تمام 9 کھلاڑی مقابلے سے باہر ہوگئے تھے۔
دیگر میچز میں مصر کے زیاد ابراہیم نے اپنے ہم وطن یاسین الشافعی کو شکست دی، جبکہ مصر کے ٹاپ سیڈ کرٹس ملک نے جاپان کے ناؤکی ہیاشی کو ہرایا۔ مصر کے چوتھے سیڈ یاسین شویدی نے ہانگ کانگ کے میتھیو لائی کو شکست دی، جبکہ 5ویں سیڈ پیری ملک نے کینیڈا کے صلاح التورگمان کے خلاف کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسکواش میں پاکستان کی بتدریج واپسی، حمزہ خان گولڈن اوپن چیمپیئن شپ جیت گئے
خواتین کے مقابلوں میں انگلینڈ کی ٹاپ سیڈ لوسی ٹرمل نے جرمنی کی مایا ویشار کو شکست دی، جبکہ ملائیشیا کی عینا امانی نے مصر کی حبیبہ رزق کو ہرایا۔ مصر کی فتحی نے اپنی ہم وطن روان العربی کو شکست دی، جبکہ نیدرلینڈز کی ٹیسا تر سلوس نے ہانگ کانگ کی ٹوبی تسے کے خلاف کامیابی حاصل کی۔
سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہونے والی اس چیمپیئن شپ کی مجموعی انعامی رقم 82 ہزار ڈالر ہے، جبکہ ایونٹ کے فائنلز اتوار کو کھیلے جائیں گے۔










