33 ممالک کی شرکت والے پہلے بین الاقوامی فوجی ڈرون مقابلے میں ترکیہ نے پہلی، پاکستان نے دوسری اور اٹلی نے تیسری پوزیشن حاصل کی، پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو ڈرون ٹیکنالوجی میں بڑھتی مہارت کا مظہر قرار دیا گیا۔
پاکستان نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں منعقدہ بین الاقوامی فوجی ڈرون مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ ترکیہ کے سفارت خانے کے مطابق مقابلے میں دنیا کے 33 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ’ بہترین بین الاقوامی فوجی ڈرون ٹیم مقابلہ 2026‘(بی آئی ایم ڈی ٹی سی) ہفتے کو منعقد ہوا، جو اپنی نوعیت کا پہلا مقابلہ تھا۔ ترکیہ نے پہلی، پاکستان نے دوسری، اٹلی نے تیسری جبکہ فرانس نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیے پاک فوج کی جنگی صلاحیتوں میں مزید اضافہ، ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح 2 جدید ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا
ترک اخبار ’ترکیہ ٹوڈے‘ کے مطابق مقابلے میں ہر ملک کو زیادہ سے زیادہ 3 ارکان پر مشتمل ٹیم بھیجنے کی اجازت تھی، جس میں کم از کم 2 ایسے پائلٹ شامل ہونا ضروری تھے جو فرسٹ پرسن ویو (ایف پی وی) ڈرون اڑانے کی مہارت رکھتے ہوں اور حاضر سروس یا ریزرو فوجی اہلکار ہوں۔
مقابلے کے دوران مقررہ راستہ کم سے کم وقت میں مکمل کرنے والی ٹیموں نے فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔ اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارت خانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ترک اور پاکستانی ٹیموں کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو مہارت، درستگی اور بغیر پائلٹ فضائی نظام میں بڑھتے ہوئے تجربے کا ثبوت قرار دیا۔
Congratulations to the Turkish team for securing 1st place and Pakistan for achieving 2nd place at the Best International Military Drone Team Competition 2026 (BIMDTC-2026) in Ankara, bringing together competitors from 33 different countries. Congratulations also to Italy for securing 3rd place and France for finishing 4th.
The outstanding performances of the Turkish and Pakistani teams stand as yet another testament to their skill, precision and growing expertise in the field of unmanned aerial systems.
🇹🇷🇵🇰
ذترکیہ میں منعقدہ بہترین بین الاقوامی عسکری ڈرون ٹیم مقابلہ جس میں 33 ممالک نے حصہ لیا میں ترکیہ کو پہلی اور پاکستان کو دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد۔ اٹلی کو تیسری اور فرانس کو چوتھی پوزیشن حاصل کرنے پر بھی مبارک۔
ترکش اور پاکستانی ٹیموں کی شاندار کارکردگی بغیر انسانی فضائی نظاموں میں انکی مہارت, درستگی اور بڑھتے تجربے کا ایک اور ثبوت ہے۔
🇹🇷🇵🇰
Ankara’da, 33 farklı ülkeden katılımcıların bir araya geldiği Uluslararası En İyi Askeri Uçangöz Takımı Yarışması (BIMDTC-2026) birinciliği elde eden takımımızı ve ikinciliği kazanan Pakistan’ı tebrik ediyoruz. Üçüncülüğü elde eden İtalya’yı ve yarışmayı dördüncü sırada tamamlayan Fransa’yı da kutluyoruz.
Türk ve Pakistanlı takımların sergilediği üstün performans, insansız hava sistemleri alanındaki becerilerini, operasyonel yetkinliklerini ve giderek artan deneyimlerini bir kez daha ortaya koymuştur.
— Türkiye in Pakistan (@TC_IslamabadBE) October 25, 2026
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور عسکری شعبوں میں قریبی تعاون موجود ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان نے مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ مختصر فوجی تصادم کے دوران ترک ساختہ وائی آئی ایچ اے تھری اور ایسیس گارڈ سونگار ڈرونز کے علاوہ مقامی طور پر تیار کردہ شاہپر ٹو بغیر پائلٹ طیارے بھی استعمال کیے تھے۔ شاہپر ٹو سرکاری ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا تیار کردہ ڈرون ہے۔ دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری اور جدید عسکری صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں بغیر پائلٹ فضائی نظام کو اہمیت حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیے مشترکہ دفاعی معاہدہ: پاک فوج کے لڑاکا طیارے سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئربیس پہنچ گئے، سعودی وزارت دفاع
پاکستان اور ترکیہ نے حالیہ مہینوں میں دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ اگست میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے مکہ مکرمہ میں سہ فریقی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک رکن ملک پر حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس معاہدے کو تینوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری سیکیورٹی تعاون کو باضابطہ شکل دینے کی کوشش قرار دیا گیا۔ انقرہ میں ڈرون مقابلے میں پاکستان کی دوسری پوزیشن کو بھی ترکیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات اور جدید فوجی ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستانی مہارت کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔











