پاکستانی صحافی ہارون جنجوعہ نے اقوام متحدہ کے نامہ نگاروں کی ایسوسی ایشن (یو این سی اے) کے ایوارڈز میں الزبتھ نیوفر میموریل پرائز جیت لیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے لیے کی گئی رپورٹنگ پر دیا گیا ہے۔
ہارون جنجوعہ کا شمار ان پاکستانی صحافیوں میں ہوتا ہے جن کی رپورٹنگ اور تحریریں متعدد معتبر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں شائع ہو چکی ہیں۔
ان کی صحافتی تحریریں دی نیویارک ٹائمز، ڈوئچے ویلے، دی ٹائمز، دی سنڈے ٹائمز، دی گارڈین، دی آبزرور، فاکس نیوز، بی بی سی ورلڈ سروس، دی ٹیلی گراف، لاس اینجلس ٹائمز، نکی ایشیا، ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ اور آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ سمیت متعدد عالمی اداروں میں شائع ہو چکی ہیں۔ ان کی رپورٹنگ کئی بڑے اخبارات کے صفحہ اول کی زینت بھی بن چکی ہے۔
’ہارون جنجوعہ اس سے قبل بھی عالمی اعزازات حاصل کر چکے ہیں‘
ہارون جنجوعہ اس سے قبل 2015 میں بھی یو این سی اے ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ اسی سال انہیں ایشیائی معیشت پر بہترین صحافتی کام کے اعتراف میں آئی ای بزنس اسکول پرائز اور پاپولیشن انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے گلوبل میڈیا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ انہیں 2017 میں ساؤتھ ایشین جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی فیلوشپ اور 2021 میں پلٹزر سینٹر کی جانب سے گرانٹ بھی مل چکی ہے۔
’پاکستان، افغانستان اور ایران میں 15 سال سے زیادہ صحافتی تجربہ‘
ہارون جنجوعہ کو پاکستان، افغانستان اور ایران میں 15 سال سے زائد عرصے تک رپورٹنگ کا تجربہ حاصل ہے۔
ان کی صحافتی خدمات میں کابل پر طالبان کے قبضے، افغان مہاجرین، سیاسی جبر، مذہبی بنیادوں پر ظلم و ستم، خواتین کے حقوق اور جنوبی ایشیا میں تنازعات کے انسانی اثرات جیسے اہم موضوعات کی کوریج شامل ہے۔
’ایوارڈز کی تقریب دسمبر میں نیویارک میں ہوگی‘
اقوام متحدہ کے نامہ نگاروں کی ایسوسی ایشن کے ایوارڈز کی تقریب دسمبر 2026 میں امریکی شہر نیویارک میں منعقد ہوگی۔
تقریب میں صحافی، سفارت کار اور اقوام متحدہ کے حکام شرکت کریں گے اور بین الاقوامی صحافت میں نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اس تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔











