لاہور اور پشاور ہائیکورٹس کا بھی چیئرمین پی سی بی کا انتخاب روکنے کا حکم

منگل 27 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان ہائیکورٹ کے بعد لاہور اور پشاور کی عدلیہ نے بھی حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کےانتخابات روکنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت،پی سی بی الیکشن کمشنر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے گئے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا اور بورڈ آف گورنرز کےنوٹیفیکیشن کوکالعدم قرار دیا۔

عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالتی فیصلہ آنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔ جسٹس انوار حسین نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزارملک ذوالفقار کی وکیل ندا نے دلائل دیے۔

دریں اثنا پشاور ہائیکورٹ نے بھی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت، پی سی بی الیکشن کمشنر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔

یاد رہے کہ 26 جون کو بلوچستان ہائیکورٹ نے بھی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا الیکشن روکنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کمشنر نے نجم سیٹھی کا تجویز کردہ پی سی بی کا بورڈ آف گورنرز مسترد کرتے ہوئے نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دے دیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب 27 جون کو ہونا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کو بین الصوبائی رابطہ کی وزارت سے 20 جون کو خط اور نوٹیفکیشن موصول ہوا، جس میں کہا گیا ہے کہ مدت پوری ہونے پر پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی تحلیل ہو جاتی ہے اس لیے کمیٹی کام کرنا فوری بند کر دے۔

اسی مناسبت سے پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا، جو پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین بھی ہیں نے پی سی بی کے آئین 2014 کے پیرا 10 کے مطابق پی سی بی بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا۔

نئے تشکیل دیے گئے بورڈ آف گورنرز میں محمد ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے کو نامزد کیا گیا۔

اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا انتخاب 27 جون کو پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہونا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp