کھانسی کا شربت جسے پی کر سینکڑوں بچے ہلاک ہوچکے ہیں

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افریقی ملک گیمبیا نے بھارت کے کھانسی کے شربت سے 70 بچوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی ادویات کی درآمد کے لیے قوانین سخت کر دیے ہیں، اب یکم جولائی سے نئے قوانین لاگو ہو گئے۔

گیمبیا میں گزشتہ سال دسمبر میں بھارتی کمپنی کے تیارکردہ کھانسی کے شربت سے 70 بچے ہلاک ہوگئے تھے۔ سیرپ کے متعدد برانڈز میں زہریلے محلولات کی موجودگی نے بھارت میں ادویات کے ریگولیٹری نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے تھے۔

رپورٹس کے مطابق بھارت میں تیار ہونے والے کھانسی کے شربت سے درجنوں بچوں کی ہلاکت کے بعد گیمبیا نے بھارت سے ادویات کی درآمد کے لیے قانون سازی کی ہے جو یکم جولائی سے نافذ ہو گئی ہے، کھانسی کا سیرپ بھارت میں ادویات بنانے والی کمپنی میرین بائیو ٹیک تیار کرتی ہے۔

گزشتہ سال گیمبیا میں گردے کی شدید تکلیف کی وجہ سے کم از کم 70 بچے جن میں سے زیادہ تر کی عمریں 5 سال سے کم تھیں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جس کی بڑی وجہ ڈاکٹروں نے بھارت سے درآمد کیے جانے والے کھانسی کے ملاوٹ شدہ شربت کو قرار دیا تھا۔

گیمبیا کے بعد ازبکستان میں بھی بھارت کا تیار کردہ کھانسی کا سیرپ پینے سے 18 بچے ہلاک ہو گئے تھے، ازبکستان کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ مرنے والے بچوں نے کھانسی کا شربت Doc-1 Max استعمال کیا تھا، جسے نوئیڈا میں واقع انڈین ادویہ ساز کمپنی میریون بائیوٹک نے تیار کیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارت کی ادویہ ساز کمپنیاں افریقہ میں استعمال ہونے والی تقریباً نصف ادویات فراہم کرتی ہیں۔ تاہم اب افریقی ممالک بھارتی ادویات کے استعمال میں احتیاط کر رہے ہیں جس سے بھارت کی ادویہ ساز صنعت خطرے میں پڑ گئی ہے۔

دوسری جانب گیمبیا اور ازبکستان میں بھی بھارت کے کھانسی کے شربت سے بچوں کی ہلاکتوں کے بعد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ مارشل آئی لینڈز اور مائیکرو نیشیا میں فروخت ہونے والے ایک بھارتی ساختہ کھانسی کے شربت میں ایسے اجزا دریافت ہوئے ہیں جو بچوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ Guaifenesin نامی دوا میں diethylene glycol اور ethylene glycol کی بہت زیادہ مقدار پائی گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ لوگ کھانسی کے اس شربت کا استعمال نہ کریں جبکہ ریگولیٹرز سپلائی چین پر نگرانی کو بڑھائیں۔

کھانسی کے شربت میں موجود اجزا سے پیٹ میں تکلیف، قے، ہیضے، سردرد، پیشاب رکنے اور گردوں کی انجری جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ بچوں میں یہ مسائل جان لیوا ثابت ہوتے ہیں۔

اس سے قبل انڈونیشیا میں بھی بھارت کا کھانسی کا شربت استعمال کرنے پر 200 کے قریب بچے جاں بحق ہو گئے تھے جس پر انڈونیشیا کی حکومت نے بھارت سے کھانسی کے شربت کے ساتھ ساتھ بھارت کی دیگر مائع ادویات کی درآمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔

انڈونیشا میں بھارت کے کھانسی کے شربت پر پابندی کے بعد اب گیمبیا نے بھی بھارت سے ادویات درآمد کرنے کی اپنی پالیسی سخت کر دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp