بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا، ایندھن خریدنے کے پیسے نہیں، چیئرمین نیپرا

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین نیپرا نے سینیٹ کی پاور کمیٹی کے اجلاس میں اعتراف کیا ہے کہ نیپرا کو اس وقت بدترین صورتحال کا سامنا ہے، نیپرا کے پاس ایندھن خریدنے کے پیسے تک نہیں ہیں جبکہ کمیٹی اجلاس میں ملک میں بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار میگاواٹ تک پہنچنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

سینیٹر سیف اللہ کی زیر صدارت سینیٹ کی پاور کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر حاجی ہدایت اللہ نے ملک بھر میں جاری بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر کمیٹی کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں18 ،18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، شہری علاقوں میں 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، لوگ بجلی کے بغیر مشتعل ہو رہے ہیں ملک بھر میں احتجاج ہو رہا ہے جبکہ بجلی کے بغیر پانی کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

سینیٹر فدا محمد نے کہا کہ مرمت کے نام پر 15،15 دن ٹرانسفارمر ٹھیک نہیں ہو رہے، ملک میں کہیں پر بھی تاریں اور ٹرانسفارمرز دستیاب نہیں ہے۔

اجلاس کے دوران پاور ڈویژن حکام نے بتایا کہ عید پر بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار میگاواٹ تک رہا ہے، ہماری بجلی کی پیداوار 19 ہزار سے 20 ہزار میگاواٹ تک ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جب بجلی ہے تو کیپسٹی پیمنٹس کے بجائے عوام کو سہولت دیں، پیسے تو دونوں صورتوں میں عوام کو ہی دینے ہیں، انہیں بجلی تو دیں۔

چیئرمین کمیٹی نے پاور ڈویژن حکام سے کہا کہ آئی پی پیز کے سسٹم خراب نہیں ہوتے تو سرکاری کمپنیوں کے کیوں خراب ہو جاتے ہیں؟ جس پر چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کمیٹی کو بتایا ملک میں بجلی کی پیداواری صلاحیت 43 ہزار میگاواٹ سے زائد ہے، جبکہ بجلی کی طلب 27 ہزار اور پیداوار 19 ہزار میگاواٹ ہے، اس طرح ابھی 8 ہزار میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال ہے۔

چیئرمین نیپرا نے اعتراف کیا کہ ہمیں اس وقت بدترین صورتحال کا سامنا ہے، آج ہمارے پاس ایندھن خریدنے کے پیسے نہیں ہیں، ہم اس وقت 33 روپے فی یونٹ بجلی بنا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp