فلسطین پر اسرائیلی افواج کا حملہ قابل مذمت، پرتشدد کارروائیاں فوری بند ہونی چاہییں: پاکستان

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے فلسطین کے مقبوضہ علاقے جنین میں اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے چھاپوں اور فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ قابض افواج کے ان حملوں میں 10 فلسطینی شہید اور 50 زخمی ہو گئے تھے۔ قابض طاقت کی طرف سے فلسطین کے عوام کے خلاف تشدد کی یہ تازہ ترین کارروائیاں فوری طور پر ختم ہونی چاہییں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض طاقت کی طرف سے فلسطینی عوام کے خلاف تشدد کی یہ تازہ کارروائیاں فوری طور پر ختم ہونی چاہییں۔

یہ بھی پڑھیں:جنین: اسرائیل کا بڑا فضائی اور زمینی حملہ، متعدد فلسطینی شہید

 پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کے ان ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات کو رکوانے اور فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، ان کے حقوق اور آزادی کے مکمل حصول تک ان کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

 بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اوراسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کی قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف کو اس کے دارالحکومت کے طور پر ایک قابل عمل، خود مختار فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp