وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ترکی کے زلزلہ متاثرین کیلئے ریلیف فنڈ قائم کر دیا جس میں کابینہ ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرے گی۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مخیر حضرات سے ترکی کے زلزلہ متاثرین فنڈ میں فراخ دلانہ مدد کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم ترک عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے، پاکستان کی جانب سے امدادی سامان پر مشتمل ایک سے زائد طیارے پہلے ہی روانہ کر دیئے گئے ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ترکی اور شام میں خوفناک زلزلے سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق 5000 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور کم و بیش ایک ہزار سے زائد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔
ترک صدر طیب اردگان نے ملک بھر میں ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ایک ہفتے تک پرچم سرنگوں رہے گا۔