لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

بدھ 5 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 10 گھنٹوں میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ اس دوران مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کے مطابق شہر بھر کے درجن سے زائد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی ہے جس سے لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، لاہور میں گزشتہ 10 گھنٹوں میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

اس سے قبل رواں سال لاہور میں زیادہ سے زیادہ 256 ملی میٹر بارش 26 جون کو ہوئی جبکہ گزشتہ سال 2022 میں لاہور میں 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل 2018 میں لاہور میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ گزشتہ 30 سالوں میں لاہور میں اتنے کم وقت میں اتنی بارش نہیں ہوئی۔

بارش تھمنے کے چند گھنٹوں میں ہی تمام نشیبی علاقے کلئیر کردیے جائیں گے، ایم ڈی واسا

ایم ڈی واسا غفران احمد کے مطابق بارش تھمنے ہی چند گھنٹوں میں ہی تمام نشیبی علاقے کلئیر کردیے جائیں گے، سسٹم اپنی مکمل استعداد پر نکاسی آب کو ممکن بنا رہا ہے، شہر بھر کی انتظامیہ اور واسا لاہور کے تمام افسران و سٹاف نکاسی آب کے لیے مکمل متحرک ہیں۔

بجلی کی سپلائی معطل

دوسری طرف ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ لاہور میں شدید طوفانی بارش کے باعث لیسکو کی بجلی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے، مختلف علاقوں میں درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، مال روڈ اور جی او آر میں درخت بجلی کی تاروں پر گرے جس سے ترسیلی نظام متاثر ہوا ہے۔

شدید بارش کے سبب بجلی بحالی کے کاموں میں لیسکو کی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بجلی بحالی کے کام کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں، فیلڈ اسٹاف کو متحرک کردیا گیا ہے جو بارش رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کردیں گے۔

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ

نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے شدید بارش میں لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا ہے۔ محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم۔ گلبرگ۔ لبرٹی۔ کلمہ چوک انڈر پاس،گارڈن ٹاون، فیروز پور روڈ، قرطبہ چوک میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے نکاسی آب کے لیے کمشنر لاہورڈویژن اور ایم ڈی واسا کو موقع پر ہی ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انتظامیہ اور واسا کو متحرک کردیا ہے، نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، شہریوں کی مشکلات کا احساس ہے، نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔

جاں بحق افراد کے لواحقین سے بھرپور ہمدردی ہے: محسن نقوی

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

محسن نقوی نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی پنجاب حکومت کو فوری اقدامات کی ہدایت

وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور میں طوفانی بارش پر پنجاب حکومت کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے ، میونسپل اور متعلقہ اداروںکے اشتراک عمل کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ضرورت پڑنے پراین ڈی ایم اے اور وفاقی اداروں کو پنجاب حکومت کو بھرپور معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کو خبردار کرنے، ٹریفک کے متبادل انتظامات اور نکاسی آب کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے ملک کے دیگر حصوں میں بھی مون سون بارشوں کے دوران پیشگی حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک عمل سے پیشگی انتظامات میں معاونت فراہم کریں، دیہی علاقوں میں شہریوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی، مال مویشیوں کو بچانے کے اقدامات کیے جائیں۔

شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ شہری علاقوں میں سیلاب سے بچاﺅ کے لیے فوری اور ضروری اقدامات تیز کیے جائیں۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان، آزاد جموں وکشمیر، خیبرپختونخوا سمیت تمام پہاڑی علاقوں میں انتظامیہ کو متحرک کرنے کی ہدایت بھی کی ہے اور کہا ہے کہ تمام اقدامات سے وزیراعظم آفس کو مطلع رکھا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp