پاکستان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز پاکستان میں سویڈن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور قرآن پاک کی بے حرمتی پر اپنے ملک کا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کے قائمقام سیکرٹری خارجہ سائرس قاضی نے سویڈش ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور سویڈن میں مسلسل قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات پر پاکستان کے شدید تحفظات سے آگاہ کیا۔
قائمقام سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ایسے واقعات دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے فروغ اور اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کا باعث بنتے ہیں، اس لیے آزادی اظہار رائے کی آڑ میں ایسے توہین آمیز واقعات قابل قبول نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سویڈن کے سفیر ہینرک پیریس اس وقت پاکستان میں موجود نہیں ہیں اس لیے ان کی عدم موجودگی کے باعث سویڈن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں سویڈن میں عید الاضحیٰ پر قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔
سعودی عرب، ترکیہ، عراق، کویت سمیت متعدد اسلامی ممالک نے سویڈن کے سفیروں کو طلب کر کے اپنے ممالک کا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایران نے سویڈن میں تعینات اپنے سفیر کو روانگی سے روک لیا ہے جب کہ مراکش نے احتجاجاً اپنے سفیر کو سویڈن سے واپس بلا لیا ہے۔ ادھر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )نے ہنگامی ایگزیکٹو اجلاس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔
ادھر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے بھی واقعہ پر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے واقعے کے 5 روز گزرنے کے بعد سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ اس سے قبل دفتر خارجہ نے صرف مذمتی بیان جاری کیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن پاک کی توہین پر 7 جولائی کو ملک گیر احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
ادھر سویڈش سفارت خانے کے سوشل میڈیا پیج کے مطابق سویڈش سفیر پینرک پرسن نے 21 جون کو “رزیلینٹ پاکستان کانفرنس” میں شرکت کی تھی۔
واضح رہے کہ سویڈش عدالت نے حال ہی میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر عائد پابندی ہٹائی تھی۔ اس پاپندی کے ہٹائے جانے کے بعد سویڈن میں تسلسل کے ساتھ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات جاری ہی۔
گذشتہ برس متنازع انتہا پسند سویڈن نژاد ڈینش راہنما ریسمس پلوڈن نے سویڈن بھر میں ریلیاں نکال کر قرآن پاک کے نسخوں کی بے حرمتی کی تھی۔
رواں برس جنوری میں متنازع انتہا پسند ریسمس پلوڈن نے سٹاک ہوم میں ترکیہ سفارت خانے کے باہر قرآن پاک کو نذر آتش کیا تھا۔
6 روز قبل عید الاضحیٰ پر پھر ایک مسجد کے باہر قرآن مجید کو نذر آتش کر کے توہین کی گئی اور مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی، جس پر پوری اُمت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔