کاپ 28 کے صدر سلطان احمد الجابر کل بروز جمعرات پاکستان کا دورہ کریں گے

بدھ 5 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’کاپ‘ 28 کے صدر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے صنعت اور جدید ٹیکنالوجی سلطان احمد الجابر ایک روزہ سرکاری دورے پر جمعرات 6 جولائی کو پاکستان آئیں گے۔

سلطان احمد الجابر اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کی دعوت پر صدر کاپ28 کا دورہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحولیاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

پاکستان کے ماحولیاتی چیلنجز اور کاپ 28 سے توقعات دورے کا مرکز رہیں گی، جس کا مقصد پائیدار حل کی جانب ایک اجتماعی راستہ استوار کرنا ہے۔

شیری رحمان صدر الجابر کی وزارت برائے ماحولیاتی تبدیلی میں میزبانی کریں گی، جہاں ایک اعلیٰ سطح دو طرفہ ملاقات بھی ہوگی۔

اس ملاقات کے دوران شیری رحمان ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے خطرات، عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت کے فعال اقدامات اور پروگراموں پر روشنی ڈالیں گی۔

شیری رحمان رواں سال کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی آئندہ کاپ 28 سے پاکستان کی توقعات کا اظہار بھی کریں گی۔

شیری رحمان ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کریں گی اور کاپ 28 کے دوران گفتگو کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیں گی۔

صدر الجابر کے ساتھ یو اے ای کے چیف نیگوشی ایٹر برائے کاپ 28 کار ہانا سید محمد الہاشمی، کاپ 28 کے ڈائریکٹر جنرل اور خصوصی نمائندہ ماجد السویدی بھی ہوں گے۔

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp