’ایس آئی ایف سی‘ کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس، بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق

بدھ 5 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت ’اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل‘ کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں وفاقی وزرا سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کی بحالی، سرمایہ کاری سے متعلق اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے معیشت کی بہتری کے لیے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے کردار کی بھی تعریف کی ہے۔

اجلاس میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

سرمایہ کاری کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اتحادی حکومت کو تباہ حال معیشت ورثے میں ملی۔ معاشی بحالی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ ابھی بہت بڑے چیلنجز ہمارے سامنے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں بھرپور صلاحیتوں سے کام کرنا ہوگا۔ مسلسل محنت سے ملک کو آگے لے کر جائیں گے اور عوام کو معاشی ترقی، خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں اور خواتین کو روزگار ملے گا، ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

گزشتہ حکومت نے دیگر شعبوں کو تباہ کرنے کے ساتھ سی پیک کو نشانہ بنایا: احسن اقبال

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے جہاں دیگر شعبوں کو تباہ کیا وہیں سی پیک کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان میں 28 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے کی وجہ بنا اور اس کی وجہ سے پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بنا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے پاس ملک کو ٹیک آف کی طرف لے کر جانے کا موقع ہے۔ پاکستان کسی سیاسی جماعت یا فرد کی میراث نہیں سب کا ملک ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سرمایہ کاری اور برآمدات کو ہنگامی طور پر فروغ دیا جائے گا۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے مگر ہم جدت کی طرف نہیں گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔ پاکستان میں بڑے بڑے فارمز بنائے جائیں گے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہونےسے اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی: وفاقی وزیر پلاننگ

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہماری توجہ انرجی کے شعبے پر ہے اور اس کے لیے بھی ایک پیکیج تیار کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ آئی ٹی کے سیکٹر پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیوں کہ ہمیں نوجوانوں کو ایک روڈ میپ دینا ہے تاکہ آئی ٹی کی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا۔

احسن اقبال نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اجلاس نے منرلز پر بھی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لیے بھی ایک روڈ شو منعقد کیا جائے گا جہاں دنیا بھر کی کمپنیز شرکت کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیفنس پروڈکشن پر بھی توجہ دی جائے گی تاکہ ہم اپنی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ اس سے متعلق اشیا کو ایکسپورٹ بھی کر سکیں۔

احسن اقبال نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہونے سے اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp