استحکام پاکستان پارٹی تحریک انصاف کو تحلیل کرانے کے لیے سپریم کورٹ پہنچ گئی

جمعرات 6 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تحلیل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کی تحلیل کے لیے درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عدلیہ مخالف اور نفرت انگیز تقاریر کیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی بلکہ وہ آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب ہوئے ہیں۔

درخواست گزار عون چوہدری نے عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات کے ٹرانسکرپٹس بھی درخواست کے ساتھ منسلک کیے ہیں۔

عون چوہدری نے مؤقف اپنایا ہے کہ ’عمران خان نے پاکستانی معاشرے کی اخلاقیات کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے ملکی سالمیت اور وقار پر حملے کیے ہیں، اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی ہیں۔‘

’پی ٹی آئی‘ کی قیادت نے لوگوں میں نفرت کو فروغ دے کر انہیں گالی گلوچ اور پرتشدد کارروائیوں پر اکسایا۔ آزادی اظہار رائے کا بے محابا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

درخواست گزار نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا 5رکنی بینچ وطن پارٹی کے کیس میں قرار دے چکا ہے کہ ملکی سالمیت کے خلاف بروئے کار سیاسی جماعت کے خلاف اس جماعت کو کالعدم قرار دینے کی کاروائی شروع ہو سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp