اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو آج حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا تھا تاہم عمران خان طلبی کے باوجود مسلسل دوسرے دن بھی عدالت پیش نہیں ہوئے۔
ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کے موقع پر عمران خان کے وکیل گوہر علی خان نے آج عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس کی مخالفت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ عمران خان کے چار وکلا ہیں لیکن عدالت کا وقت ضائع کیا جارہا ہے۔
امجد پرویز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیےجارہےہیں، ان کی نیت ہی دلائل دینے کی نہیں، خواجہ حارث کی کوئی عدالتی مصروفیات نہیں ہیں۔ وکیل گوہر علی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل صرف پوائنٹ اسکورنگ کررہے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے سینیئروکیل خواجہ حارث ہیں۔انہوں نے عدالت سے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کرنے کی بھی استدعا کی۔
سیشن عدالت نے آج چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے توشہ خانہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کے سینیئر وکیل خواجہ حارث کو عدالت پیش ہونے کی دوبارہ ہدایت بھی کی ہے۔