قرآن کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان کے ہندو شہری بھی سراپا احتجاج

جمعہ 7 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف بلوچستان ہندو کونسل اور پنچایت بھی احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے ۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں ’یوم تقدس قرآن پاک ‘ منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظمیوں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جس میں سویڈن حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور چوکوں، چراہوں پر احتجاجی بینرز آویزاں کیے گئے۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سیاسی جماعتوں اور مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالنے کا سلسلہ نماز جمعہ کے بعد شروع ہوا اس دوران بلوچستان ہندو کونسل اور پنچایت کوئٹہ کی جانب سے بھی یوم تقدس قران ریلی نکالی گئی جس میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

  مظاہرین نے پنچایت بستی سے پریس کلب تک ریلی نکالی۔ اس دوران ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ھندو کونسل جگدیش کمار  نے کہا کہ سویڈن میں عید الاضحیٰ کے روز قرآن کریم کی بے حرمتی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادیٔ اظہار رائے کا یہ مطلب نہیں  کہ کسی کے مذہب اور مقدس کتاب کی بے حرمتی کی جائے۔ اسلام ایک پر امن مذہب ہے، قرآن پاک کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔

جگدیش کمار نے مزید کہا کہ دُنیا کا کوئی قانون بشمول قرآن کریم مقدس کتابوں کی توہین کی اجازت نہیں دیتا۔ تشدد پسند عناصر کے انتہا پسندانہ رویے پرامن معاشروں کے لیے خطرہ ہیں۔ سویڈش حکومت فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لے اور واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے۔

واضح رہے کہ جمعرات کو کوئٹہ میں مقیم مسیح برداری نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پریس کانفرنس کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp