تندور سے ترقی کے زینے تک پہنچنے والا نوجوان، جسے وزیراعظم نے گلے لگا لیا

جمعہ 7 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو ’وائرل‘ ہو رہی ہے، جس میں 11 سال قبل تندور پر روٹیاں لگانے اور تعلیمی شعبے میں 5 گولڈ میڈل لینے والے حافظ آباد کے محسن علی کو فرطِ محبت سے گلے لگاتے ہوئے ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔

’ کوئی قابل ہو تو ہم شان کئی دیتے ہیں‘ کے مصداق محسن علی آج سے 11 سال قبل حافظ آباد کے  گاؤں میاں رحیما میں ایک طرف تندور پر روٹیاں لگایا کرتے اور دوسری جانب انہوں نے اپنے اندر چھپی قابلیت کو بھی اپنی لگن کی آگ سے بھڑکائے رکھا، 2012 میں محسن علی نے بیچلرز آف آرٹس( بی اے) میں گولڈ میڈل حاصل کیا، وہ آگے مزید پڑھنا چاہتے تھے لیکن گھر کے حالات ان کے آڑے آ گئے۔

محسن علی نے اس وقت اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ’ میں ایک مزدور کا بیٹا ہوں، گھر سے اخراجات نہ ملے تو تندور پر روٹیاں لگا کر تعلیم کا شوق پورا کیا، کالج کی فیس ادا نہیں کر سکتا تھا، اس لیے پرائیوٹ امتحان دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ‘ایم ایس سی’ کرنا چاہتے ہیں لیکن اخراجات برداشت نہیں کر سکتے اس پر اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے محسن علی کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یوں 11 سال قبل تندور پر روٹیاں لگانے والے محمد محسن علی رکے نہیں، آگے بڑھتے رہے اور ناصرف ماسٹر ڈگری حاصل کی بلکہ تعلیمی شعبے میں 5 گولڈ میڈل اپنے نام کر لیے آج کل وہ گورنمنٹ محمڈن اینگلو اورینٹل( ایم اے او) گریجویٹ کالج سول سیکرٹریٹ لاہور میں لیکچرر ہیں۔

وقت نے انسانی ہمدردی کا میاں شہباز شریف کو بھی کیا صلہ دیا کہ وہ وزیر اعلٰی سے وزیر اعظم بن گئے اور محمد محسن علی نے بھی انہیں یہ ثابت کر دکھایا کہ اس ملک میں اگر نوجوان طبقے کا مستقبل محفوظ بنا دیا جائے تو یقیناً یہاں کا نوجوان اس ملک کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانے کی بھی اہلیت رکھتا ہے۔

اگر نوجوان طبقے کو ’کج روی‘ سے بچانے کے لیے کوئی رہبر و رہنما مل جائے تو قوم و ملت کا شیرازہ درہم برہم ہونے سے بچ سکتا ہے۔ نوجوانوں کے بنیادی مسائل، حقوق و ضروریات کا خیال نہ رکھا جائے تو یہ معاشرے اور اقوام کی تنزلی کا باعث بھی بنتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کو اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران 11 سال گزر جانے کے بعد ایک بار پھر محمد محسن علی کو فرطِ محبت سے گلے لگایا تو نا صرف میاں شہباز شریف کی آنکھوں میں آنسو تھے بل کہ محمد محسن علی کی آنکھیں بھی بھر آئیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جمعہ کو میاں شہباز شریف اور محمد محسن علی کی ویڈیو کے ساتھ ایک ٹویٹ کیا ہے جس میں انہوں نے 5گولڈ میڈل جیتنے والے حافظ آباد کے قابل اور محنتی نوجوان محسن علی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قابل رشک اور قابل فخر محمد محسن علی کی کامیابی کی کہانی ہی نہیں بلکہ تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کی زندگی اور معاشرے میں تبدیلی لانے کے ولولہ انگیز وژن اور سوچ کی کامیابی کی ایک بہترین مثال بھی ہے۔

اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید لکھا ہے کہ 5گولڈ میڈل جیتنے والے حافظ آباد کے گاؤں میاں رحیما کے اس قابل اور محنتی نوجوان محسن علی نے پاکستان کے نوجوانوں کو کامیابی کا راز سمجھایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے طورپر شہبازشریف نے محسن علی جیسے سینکڑوں ذہین لیکن غریب نوجوان بچوں اور بچیوں کی سرپرستی کی، تعلیمی وظائف، بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دے کر ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی جو آج قائد محمد نواز شریف اور شہباز شریف کے یوتھ پروگرام کی کامیابی کے درخشاں ستارے بن چکے ہیں اور اس وژن کی کامیابی کی گواہی دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید لکھا کہ ’ آج محسن علی اسی میوکالج لاہور میں لیکچرار ہے جس کے قریب واقع تندور میں وہ روٹیاں لگا کراپنے خاندان کے لیے رزق حلال کما رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج محسن علی کو کروڑوں پاکستانیوں کے سامنے سینے سے لگا کر شاباش دی۔ ایک شاباش نواز شریف اور شہباز شریف کو بھی ملنی چاہیے جن کے وژن نے محسن علی اور اس جیسے سینکڑوں غریبوں کو کامیابی کی اس منزل تک پہنچنے اور اپنے خواب سچ کردکھانے میں عملی مدد کی، یہ ہوتا ہے وژن، یہ ہوتی ہے عوام کی منتخب قیادت۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp