غذائی تحفظ، زرعی برآمدات بڑھانے کی جانب اہم قدم، وزیراعظم نے لِمز کا افتتاح کردیا

جمعہ 7 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے غذائی تحفظ اور زرعی برآمدات بہتر کرنے کی غرض سے قائم کردہ لینڈ انفارمیشن اینڈ منیجمنٹ سسٹم سینٹر آف ایکسلینس (لِمز) کا افتتاح کردیا ۔ تقریب میں پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق لِمزکے قیام کا مقصد غذائی تحفظ کو بڑھانے اور زرعی برآمدات بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کے اندر کروڑوں ایکڑ ناقابل کاشت یا کم پیداوار والی اراضی پر کاشت بڑھا کر قومی خزانے پر درآمدی بوجھ کم کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ لِمزجدید ترین نظام جدید ٹیکنالوجیز اور زمین کی زرعی ماحولیاتی صلاحیت پر مبنی طریقوں کے ذریعے پیداوار کو بہتر بنانے میں مدد دے گا جب کہ دیہی آبادیوں کی فلاح و بہبود اور ماحولیات کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے گا۔

جی آئی ایس پر مبنی مذکورہ سینٹر زراعت کی ڈیجیٹلائزیشن کو منظم کرکے قومی زرعی پیداوار کو بہت بہتر بنائے گا، ریموٹ سینسنگ اور جغرافیائی ٹیکنالوجیز کے ذریعے مقامی کاشتکاروں کو مٹی، فصلوں، موسم، آبی وسائل اور کیڑوں کی نگرانی کے بارے میں بروقت درست معلومات فراہم کرے گا اور موثر مارکیٹنگ کے نظام کے ذریعے مڈل مین کے کردار کو کم سے کم کرے گا۔

بیان میں عالمی ادارہ خوراک کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 36.9 فیصد پاکستانی غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں اور 18.3 فیصد پاکستانی شدید غذائی بحران سے دوچار ہیں۔

منصوبے کے تحت کسانوں کو موسمی تبدیلیوں، فصلوں کی سیٹیلائٹ نگرانی، پانی،کھاد اور اسپرے کے استعمال کے بارے میں بروقت معلومات دی جائے گی، اس کے علاوہ کسانوں کو منڈیوں تک براہ راست رسائی ملے گی۔

سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارت، قطر اور بحرین کو بھی منصوبے میں شامل کرنے کے لیے بھی بات چیت جاری ہے۔

تقریب میں مہمان خصوصی شہباز شریف، جنرل عاصم منیر کے علاوہ وزرائے خزانہ، دفاع، منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدام، نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، اطلاعات، صوبائی حکومتوں کے چیف سیکرٹریز، زرعی ماہرین اور فوج کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp