امریکی عہدیداروں نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے یوکرین کو روس کے خلاف جاری جنگ میں مدد کے طور پر کلسٹر بم، خطرناک ہتیھار اور گولہ بارود فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، یاد رہے کہ دُنیا کے 120 سے زیادہ ممالک نے خطرناک کلسٹر بموں اور گولہ بارود کو متنازع ہتھیار قرار دے کر پاپندی عائد کر رکھی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے نے خبر دی ہے کہ اعلیٰ امریکی حکام نے کہا ہے کہ واشنگٹن نے روس کے خلاف جنگ میں مدد کے طور پر یوکرین کو کلسٹر گولہ بارود فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس پر 120 سے زیادہ ممالک نے پابندی لگا رکھی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق 3 امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہتھیاروں کے امدادی پیکج جس میں 155 ملی میٹر کی ہووٹزر توپ سے فائر کیے جانے والے کلسٹر بم اور گولہ بارود شامل ہے کا اعلان جمعہ تک متوقع ہے۔
ادھر رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یوکرین کے ایک سینئر اہلکار نے جمعہ کو کہا ہے کہ کیف امریکا کی جانب سے کلسٹر بموں اور دیگر گولہ بارود کی فراہمی کا خیرمقدم کرتا ہے کیوں کہ ان ہتھیاروں کی فراہمی کا روسی افواج پر ‘غیر معمولی نفسیاتی اثر’ پڑے گا۔
واضح رہے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اس طرح کے اقدام کی مخالفت کی جاتی ہے۔ ادھر امریکی صدارتی سیاسی مشیر میخائیلو پوڈولیاک نے رائٹرز کو بتایا کہ بلاشبہ یوکرین کو گولہ بارود کی اضافی مقدار کی فراہمی سے روس کے قبضے کے خاتمے میں مدد ملے گی۔’
انہوں نے کہا کہ ‘خاص طور پر اگر ہم کلسٹر بموں اور گولہ بارود کے بارے میں بات کر رہے ہیں تو بلاشبہ اس کا پہلے سے مایوس روسی فوجیوں پر غیر معمولی نفسیاتی اثر پڑے گا۔
پوڈولیاک نے کہا کہ یوکرین کو مزید اسلحے اور گولہ بارود کی ضرورت تھی اور وہ اس پر اپنے اتحادیوں کا شکر گزار ہے۔
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ یوکرین کو کلسٹر بموں اور دیگر گولہ بارود بھیجنا فی الحال زیر غور ہے لیکن اس کا کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
ادھر ہیومن رائٹس واچ نے روس اور یوکرین سے کلسٹر بموں کا استعمال بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ ان کی سپلائی نہ کرے۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے کہا کہ روسی اور یوکرائنی افواج دونوں نے خطرناک ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے جس سے یوکرینی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ کلسٹر بموں جیسے خطرناک گولہ بارود پر 120 سے زیادہ ممالک نے پابندی لگا رکھی ہے۔ یہ ایسے خطرناک ہتیھار ہیں جو وسیع علاقے میں اندھا دھند ہلاکتیں کر سکتے ہیں۔