غزہ: مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت میں مزید 4 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے جن میں 2 بھائی بھی شامل ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں قابض اسرائیلی فوج نے دو بھائیوں 21 سالہ ظافر عبدالرحمان اور 22 سالہ جواد عبدالرحمان کو گولیاں مار کر بیدردی سے قتل کردیا۔
ایک اور واقعے میں سفاک اسرائیلی فوج نے بیت امر میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا جسے اسپتال لے جایا گیا تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث نوجوان جانبر نہ ہوسکا۔
اسی طرح بیت المقدس میں بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا۔ اس طرح صرف ایک دن میں اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 4 ہوگئی۔
یہ خبر پڑھیں : اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 6 فلسطینی شہید اور 21 زخمی
اسرائیلی فوج کی بڑھتی ہوئی جارحیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں برس اب تک 125 سے زائد فلسطینی نوجوان شہید ہوچکے ہیں جو 1967 میں اسرائیلی قبضے کے بعد سے ایک سال میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل میں 4 سال میں پانچویں بار عام انتخابات ہوئے ہیں اور نتین یاہو ایک بار پھر وزیراعظم بن گئے ہیں لیکن حکومتوں کی تیزی سے تبدیلی کے باوجود فلسطینیوں کے بارے میں جارحانہ پالیسی اور قابضانہ ذہنیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔