لاہور میں شیر کا شہریوں پر حملہ، ’شیر امیر لوگ رکھتے ہیں، امیروں کے لیے کونسا قانون ہے؟‘

جمعہ 4 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں شیر نے شہریوں پر حملہ کر دیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیر دیوار پھلانگ کر گلی میں کودا جس کے بعد اس نے پہلے راہ گیر خاتون اور پھر دو بچوں پر حملہ کیا۔ جنہیں طبی امداد کے لیے لاہور اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر شدید ردعمل دیا گیا اور ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

صحافی خرم اقبال نے لکھا کہ قوانین کے مطابق غیر قانونی اور بلا لائسنس شیر رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہے جس کی سزا 7 سال اور جرمانہ 50 لاکھ روپے ہے۔

عرفان اکبر لکھتے ہیں کہ کیا حکومت کو جنگلی جانور گھروں میں رکھنے پر ایکشن نہیں لینا چاہیے یا کسی حادثے کا انتظار ہے؟

نعیم حیدر پنجھوتھا نے لکھا کہ محکمے کدھر ہیں؟

عمران خان نے کہا کہ شیر امیر لوگ رکھتے ہیں اور امیروں کے لیے کونسا قانون ہے اس ملک میں؟

ایک صارف نے لکھا کہ گھروں میں شیر رکھنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فارم ہاؤس میں رکھے شیر کا جنگلہ کھلا رہ گیا تھا جس سے شیر باہر آ گیا اور اس نے لوگوں پر حملہ شروع کر دیا۔ ترجمان وائلڈ لائف کے مطابق مالک نے بغیر اجازت اور لائسنس کے شیر رکھا ہوا تھا۔ محمکہ وائلڈ لائف کے مطابق بغیر لائسنس شیر رکھنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا یے اور شیر کو پکڑ کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے واقعہ کی بھرپور مذمت کی ہے ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو بروقت ہسپتال پہنچا دیا گیا تھا اور ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بغیر لائسیس جنگلی جانور رکھنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp