وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج کل تحریک انصاف کا کوئی ترجمان نہیں۔ عمران خان ایک فراڈیہ شخص ہے جس کا مقصد ہی انتشار پھیلانا ہے۔
پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ذہنی مریض شخص ہے۔ جو لوگ اس کے کہنے پر لوگوں کو چور کہتے تھے آج وہ کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف اچھے آدمی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس ٹولے نے ملک کو تباہ کیا، یہ وہی شخص ہے جو کہتا تھا کہ ملک ٹوٹ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ نے وزیراعظم کی ٹوئٹ پر کچھ سوالات اٹھائے ہیں۔ 9 مئی کے واقعہ پر یہ کہنے والا کہ یہ تو اس کی گرفتاری کا رد عمل تھا آج کہہ رہا ہے کہ معلوم کیا جائے گا اس کا فائدہ کس کو ہوا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پراکسیز خطرناک کھیل، کھیل رہے ہیں۔ اداروں کے خلاف مہم جوئی کے ثبوت سامنے آ چکے ہیں۔
نوجوانوں کو دہشت گردی کا سبق دینے والا سیاست پر دھبہ ہے
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دہشت گردی کا سبق دینے والا سیاست پر دھبہ ہے۔ یہ شخص شہدا کی فیملیز کا مجرم ہے۔
مریم اورنگزیب نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص فارن فنڈنگ کا اس لیے جواب نہیں دے رہا کیوں کہ اسے معلوم ہے کہ غیرقانونی فنڈنگ کی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ زیادتی یہ ہوتی ہے کہ 3 بار وزیراعظم رہنے والے شخص کو بغیر کسی جرم میں جیل میں ڈال دیا جائے۔ اس شخص نے بحیثیت وزیراعظم امریکا میں کھڑے ہو کر کہا تھا کہ میں واپس جا کر نواز شریف کی بیرک سے اے سی اتاروں گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک سے باہر بیٹھا ٹولہ اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرتا ہے اور اس کے ثبوت ایف آئی اے کو مل چکے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس شخص نے اپنے دور میں ہر جرم کیا اس لیے اب سر پر بالٹی رکھ کر عدالت میں پیش ہوتا ہے۔ رانا ثنا اللہ پر جھوٹا الزام لگا کر جرم ثابت کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا واویلا کرنے والا یہ بتائے کہ الزامات کو ثابت کیوں نہیں کیا۔
عوام اب سمجھ چکے ہیں کہ ملک دشمنی کس نے کی
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے عوام اب سمجھ چکے ہیں کہ ملک دشمنی کس نے کی۔ جو کچھ بھی کیا گیا وہ ایک سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو لوگ ملک دشمن مہم کا حصہ ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کرنا ہوتا تو کب کے کر چکے ہوتے۔ ہم قانون کے مطابق چل رہے ہیں اور اب توشہ خان کیس کا ٹرائل شروع ہو چکا ہے۔ 9 مئی کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ اگر اُس روز پیٹرول بم پھینکے گئے ہیں تو اس کی تربیت زمان پارک میں کی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آرمی چیف کے خلاف مہم چلانے والا کوئی ایک یا دو نہیں۔ منظم پلاننگ کے تحت ایسا کیا جا رہا ہے۔