ایک سال میں معیشت ٹھیک ہو جائے گی، مایوسی کی باتیں پروپیگنڈا ہیں: آرمی چیف جنرل عاصم منیر

پیر 10 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ زرعی اصلاحات سے پاکستان کی معیشت ایک سال میں درست سمت میں آ جائے گی پاکستان کے بارے میں مایوسی کی باتیں کرنے والے غلط پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں لوگ مایوسی اور حوصلہ شکنی کی باتیں کرتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔

سیمینار کے دوران تقریر میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں دوسرے زرعی انقلاب کے منصوبے گرین پاکستان انیشییٹیو کا افتتاح کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان میں آرمی اور دیگر اداروں کے تعاون سے زراعت کے شعبے میں نمایاں تبدیلی آ جائے گی۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا ملک ہے جو بھرپور وسائل سے مالا مال ہے۔ پاکستان اب بھی دنیا میں دودھ کی پیداوار میں چھٹے نمبر پر ہے۔ گندم میں ساتواں بڑا ملک ہے۔ چاغی اور ریکوڈک سے استفادہ حاصل ہو جائے تو پاکستان تابنے کی پیداوار میں نمبر ایک ہو جائے گا۔

آرمی چیف کی جناح کنونشن سنٹر میں تقریر کے دوران ملک بھر سے کسان بڑی تعداد میں آئے ہوئے تھے جنہیں حکومت کے نئے زرعی منصوبے گرین پاکستان انیشییٹیو کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

آرمی چیف کی تقریر کے دوران اللہ اکبر کے نعرے

یہ پہلا موقع تھا کہ جنرل عاصم منیرنے بطور آرمی چیف اتنے بڑے مجمع سے براہ راست خطاب کیا جس میں صحافی، سفارتکار، وفاقی وزرا، کسان، اساتذہ اور ماہرین شامل تھے۔

اپنی تقریر کے آغاز میں انہوں نے کسانوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ تقریب میں سفارتکار موجود ہیں اس لیے انہیں کچھ بات انگریزی میں کرنا پڑے گی ۔ انہوں نے کچھ دیر انگریزی میں بات کرنے کے بعد اردو میں خطاب شروع کرتے ہوئے کہا کہ آج میں ایک مسلمان کےطور پر آپ سے بات کروں گا۔

اس کے بعد انہوں نے فی البدیہہ تجوید کے ساتھ قرانی آیات پڑھ پڑھ کر پاکستان کے حالات کے حوالے سے گفتگو شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو مایوسی سے منع فرمایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مسلمان دو حالات میں ہی رہتا ہے ۔ مشکل ہو تو صبر کرتا ہے اور اچھے حالات ہوں تو شکر ادا کرتا ہے۔

جنرل عاصم منیر نے جب قرآنی آیات زبانی تلاوت کرنا شروع کیں تو حال میں اللہ اکبر کے نعرے لگنے شروع ہو گئے۔ انہوں نے نعروں کے بعد بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نہ مولوی ہوں ناں ملا بلکہ میں نے یہ اپنے لیے سیکھا ہے کبھی بتاؤں گا کہ کیوں سیکھا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ غزوہ احد میں بظاہر شکست کے بعد مسلمان مایوسی ہوئے تو آیات نازل ہوئیں۔ انہوں نے آیات پڑھ کر ان کا ترجمہ کرتے ہوئے بتایا کہ اللہ نے مسلمانوں کو کہا کہ مایوس مت ہوں اور غم نہ کھائیں وہی غالب ہوں گے اگر ایمان پر قائم رہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ وزیراعظم نے زرعی منصوبے کا آغاز کیا ہے اس پر پاکستان آرمی ان کا مکمل ساتھ دی گی۔ اس منصوبے پر عمل درآمد سے ملکی معیشت ایک سال میں درست سمت میں آ جائے گی ۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سر سبز کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ ہم باصلاحیت قوم ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بحیثیت ادارہ مکمل جانفشانی اور قلب و روح کے ساتھ اس مرحلہ کی تکمیل کے لیے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں  اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمارے پاس ہر طرح کا پوٹینشل موجود ہے جو پاکستان کو عروج پر لے کر جا سکتا ہے۔

یہ جنرل عاصم منیر کا آئیڈیا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ آئیڈیا دراصل سپہ سالار عاصم منیر کا ہے مگر وہ سخاوت سے کام لیتے ہوئے انہیں کریڈٹ دے رہے ہیں۔ ’وہ کچھ عرصہ قبل میرے پاس آئے اور کہا کہ شہباز شریف صاحب زراعت پر کام کریں جس پر میں نے تمام اداروں کو اس پر کام کرنے کی ہدایت کی‘۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زرعی منصوبے کے تحت ریسرچ کے ذریعے بہتر بیج، جدید ٹیکنالوجی اور پانی کی فراہمی کے جدید منصوبوں کے ذریعے پاکستان میں دوسرا زرعی انقلاب لایا جائے گا تاکہ انہیں یا کسی دوسرے وزیراعظم کو امداد کے لیے دوسرے ممالک کے پاس نہ جانا پڑے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp