استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے گزشتہ 5 برس ضائع ہوئے، 9 مئی تشدد کی علامت کا دن بن چکا ہے، استحکام پاکستان پارٹی موجودہ حالات میں واحد حل اور بہترین آپشن ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی سے سابق ایم پی اے علی عباس گل آغا نے لاہور میں استحکام پاکستان پارٹی سیکریٹریٹ میں ملاقات کے دوران آئی پی پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
صدرآئی پی پی عبدالعلیم خان نے سابق ایم پی اے علی عباس گل آغا کا پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور علی عباس گل آغا نے جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی لیڈر شپ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو میں صدر پاکستان اتحکام پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ وطن عزیز کے مفاد کا بھرپور تحفظ استحکام پاکستان پارٹی کی اولین ترجیح ہے، ملک و قوم کے گزشتہ 5 برس ضائع ہوئے، 9 مئی تشدد کی علامت کا دن بن چکا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ’عام آدمی ملک میں نئی قیادت اور اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتا ہے، استحکام پاکستان پارٹی عوامی امنگوں کے عین مطابق منشور سامنے لائے گی، دعوے نہیں عمل کر کے دکھائیں گے۔‘
’ پارٹی کے دروازے کھلے ہیں، ہر محب وطن کو ساتھ لے کر چلیں گے، آئندہ دنوں میں ملک بھر سے اہم شخصیات پارٹی میں شامل ہوں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ اقتدار ملا تو مہنگائی،بے روزگاری، امن و امان اور دہشتگردی جیسے مسائل حل کریں گے، استحکام پاکستان پارٹی موجودہ حالات میں واحد حل اور بہترین آپشن ہے۔