سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا مقصد مرضی کا نگران سیٹ اپ لانا ہے، حلیم عادل شیخ

منگل 11 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کی پوزیشن پر شب خون مارنے کا پلان بنایا گیا ہے تاکہ اپنی مرضی کا نگران سیٹ اپ لایا جا سکے لیکن یہ جو بھی غیر قانونی کام کریں گے ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہاکہ سندھ حکومت اپنی مرضی کا نگران سیٹ اپ لانے کے لیے اپوزیشن لیڈربدلنے کی تیاریاں کر رہی ہے جس میں ایم کیو ایم برابر کی شریک ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہاکہ سندھ حکومت غیر قانونی طور پرسندھ اسمبلی کے کل کے اجلاس میں شو آف ہیںڈ کے ذریعے اپنی مرضی کا اپوزیشن لیڈر لانے کی تیاری کر رہی ہے جبکہ سندھ اسمبلی کے رولز کے مطابق اپوزیشن اراکین کے اکثریت ہونا لازمی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسی مقصد کے تحت پی ٹی آئی کے اراکین کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے سے روکنے کی سازش کی گئی ہے، ہم سب اپوزیشن کے ممبران ہیں، ہمارے اراکین پر سے پابندیاں ہٹائی جائیں تاکہ اجلاس میں شرکت کر سکیں۔

انکا کہنا تھاکہ ہم نے بڑے عہدے چھوڑ دیے ہمارے لیے ان عہدوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے، لیکن جو یہ لوگ کرنے جا رہے ہیں وہ قانون کے خلاف ہے۔ سندھ اسمبلی کے رولز آف پروسیجر نمبر 26 میں واضح لکھا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو کس طرح تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

انکا مزید کہنا تھاکہ ایم کیو ایم تو ویسے بھی ہر دھندھے میں تیار کھڑی رہتی ہے وہ بھی اس عمل میں برابر کی شریک ہے۔ ہم نے طے کر لیا ہے کہ اگر ہمیں اسمبلی آنے کی اجازت نہ دی گئی تو ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔

حلیم عادل شیخ نے کہاکہ ہم آج بھی سندھ اسمبلی اراکین ہیں اور اسمبلی آنا چاہتے ہیں، میں نے سندھ اسمبلی میں بجٹ اجلاس پر پانچ گھنٹے کی تقریر کی تھی اس لیے موجودہ سال کے بجٹ اجلاس سے ہمیں دور رکھنے کی سازش کی گئی اور 9 مئی کے واقعے کے بعد ایک سازش کے تحت ہمارے اراکین پر پابندیاں لگائی گئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp