ایشیا کپ 2023: نہ جے شاہ پاکستان جائیں گے اور نہ ہی بھارتی ٹیم، بھارتی میڈیا کا دعوٰی

بدھ 12 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی میڈیا نے دعوٰی کیا ہے کہ ایشیا کپ کے لیے شیڈول فائنل ہوچکا ہے، جلد ہی شیڈول کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا جائے گا، جس کے مطابق نہ بھارتی ٹیم پاکستان جائے گی اور نہ ہی بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین ارون دھومل نے بھارتی ٹیم کے پاکستان جانے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ ٹیم کو ایشیا کپ کے لیے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایشیا کپ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔

بھارتی بورڈ کے خزانچی اور آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومل بھی آئی سی سی اجلاسوں کے لیے جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں موجود ہیں، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔

اس موقع پر ارون دھومل نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی اور دونوں عہدیداران کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیگ مرحلے کے صرف چار میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، پاک بھارت میچ سمیت باقی 9 میچز سری لنکا میں ہی کھیلے جائیں گے۔

ارون دھومل نے جے شاہ کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ذکاء اشرف اور جے شاہ کے درمیان ملاقات میں صرف ایشیا کپ کے شیڈول پر بات ہوئی، بھارتی ٹیم یا بھارتی بورڈ سیکرٹری کے پاکستان جانے کا معاملہ زیر بحث نہیں آیا۔

ارون دھومل کے مطابق پاکستان ایشیا کپ میں ہوم گراؤنڈ پر صرف نیپال کے خلاف میچ کھیلے گا، جبکہ باقی تین میچ بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے میچز دمبولا میں کھیلے جانے کا امکان ہے، پاک بھارت میچ بھی دمبولا میں کھیلا جائے گا تاہم پاکستان میں ہونے والے میچز لاہور میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ دونوں عہدیداران جے شاہ اور ذکاء اشرف کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق ذکاء اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا، اور جے شاہ نے ذکاء اشرف کو بھارت میں ورلڈ کپ دیکھنے کی دعوت دی جسے ذکاء اشرف نے بھی قبول کر لیا۔

دونوں بورڈ حکام نے کرکٹ تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ ذکاء اشرف نے جے شاہ سے گفتگو میں کہاکہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ پائیں گے، پاکستانی لوگ اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) پہلے ہی اعلان کر چکی ہے کہ ایشیا کپ پاکستان کے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا۔

یاد رہے اگر ایشیا کپ پاکستان کے دیے گئے ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوا تو پاک بھارت سنسنی خیزمیچ سری لنکا میں ہی ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp