پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ کے نئے گانے ’فنکاری‘ کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے جس کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جہاں ان کے اس نئے گانے کو پسند کیا جا رہا ہے وہیں کچھ صارفین ایسے بھی ہیں جنہیں آئمہ بیگ سے بہتر امیدیں وابستہ تھیں۔
اس سے قبل آئمہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر کیفی خلیل کا مشہور ترین گانا ’کہانی سنو‘ نہ صرف گایا بلکہ اس کی باقاعدہ ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آئندہ اس طرح کے سدا بہار گانوں کی توہین نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔
آئمہ بیگ نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے نئے گانے فنکاری کی ویڈیو شیئر کی تو ان کے مداحوں نے تعریفوں کے پل باندھ دیے ، کسی مداح کو گانے کے بول پسند آئے تو کسی کو آئمہ بیگ کی مدھر آواز نے اپنے سحر میں جکڑ لیا۔
آئمہ بیگ کے اس نئے گانے کے بے صبری سے منتظر صارف اسٹے گولڈ آئمہ نے لکھا: بہت دیر کرتی مہرباں آتے آتے ۔
اکثر اپنے اترنگی گانوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر مشہور بھارتی گلوگارہ نیہا ککڑ بھی آئمہ بیگ کے اس گانے کی وجہ سے دوبارہ تنقید کا نشانہ بن گئیں جب ایک صارف نے آئمہ بیگ کو پاکستان کی نیہا ککڑ ہیں۔
ایک اور صارف نے مشہور امریکی گلوگارہ آریانا گرانڈے کو کاپی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آئمہ بیگ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا لڑکیوں کی ہمیش ریشمیا اور غریبوں کی آریانا گرانڈے۔
واضح رہے کہ آئمہ بیگ نے کچھ عرصہ قبل اپنے سولو سونگ پر کام کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی تکمیل ان کے نئے گانے ’فنکاری‘ سے عیاں ہے۔ ان کے اس نئے گانے کی ویڈیو کی عکس بندی برطانیہ میں کی گئی ہے جب کہ گانے کی ویڈیو میں آئمہ بیگ کے علاوہ ورد علی نے بھی کام کیا ہے۔