ووٹ کے اندراج اور کوائف کی تصحیح کرانے کی آخری تاریخ کیا ہے؟

جمعہ 14 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات سے قبل ووٹ کے اندراج، منتقلی اور کوائف کی تصحیح کرانے کی تاریخ میں 20 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اس سے قبل شہریوں کو 13 جولائی تک یہ سہولت فراہم کی تھی، جس کی مدت کے اختتام پر الیکشن کمیشن نے اس میں 20 جولائی تک توسیع کردی ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق اب 20 جولائی تک شہری اپنے ووٹ کے اندراج کے ضمن میں کسی قسم کی مدد اور معلومات کے حصول کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر  8300 پر ایس ایم ایس کرکے اپنے ووٹ سے متعلق تفصیل حاصل کرسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق شہری اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر موجود اپنے مستقل یا عارضی پتے میں سے کسی ایک پر درج کروا سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق اگر ووٹر اپنے ووٹ کا اندراج، منتقلی، اخراج یا کوائف میں درستگی کروانا چاہتے ہیں تو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے فارم ڈاؤن لوڈ کریں اور پر کرنے کے بعد اپنے متعلقہ ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروادیں۔

الیکشن کمیشن نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 استعمال کریں۔ اعتراض اور اخراج ووٹ کے لیے فارم نمبر 22 جب کہ کوائف کی درستگی کے لیے فارم نمبر 23 استعمال کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp