عوام کا جینا مشکل ہو گیا، معاشی بہتری کے حکومتی دعوے مسترد کرتے ہیں: تحریک انصاف

جمعہ 14 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے ملکی حالات کے معیشت کے حکومتی دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کو نچوڑ دیا گیا ہے۔ آٹے چینی سمیت تمام اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تکلیف دہ اضافہ کیا گیا ہے۔

جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں آٹے اور چینی سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تکلیف دہ اضافہ  ہو گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اپنے آئینی حقوق اور انتخاب کا حق مانگنے والے عوام کو مہنگائی کے ذریعے سزا دینے کا موجودہ حکومت کا سلسلہ نہایت شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔

بیان کے مطابق موجودہ امپورٹڈ شہباز حکومت بےرحمی، نالائقی اور مجرمانہ طرزِ حکومت کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ اس ظالم سرکار نے پہلے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے کچلنے کی کوشش کی، اب آٹے، چینی اور دیگر اشیائے خورونوش کے دام بڑھا کر عوام خصوصاً غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے میں مصروف عمل ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ بے رحم حکومت کے ہاتھوں ملک میں بےروزگاری کا سیلاب ہے۔ تنخواہ دار طبقے کے لیے اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی میسر کرنا مشکل ترین بنا دیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق 6 فیصد کی سالانہ شرح سے ترقی کرتی معیشت کو 0.3 فیصد کی شرمناک سطح تک گرادیا گیا ہے۔ میڈیا کی زبان پر تالے ڈال کر عوام کے معاشی قتلِ عام کا ظالمانہ سلسلہ جاری ہے۔

بیان کے مطابق 15 ماہ میں روپے کو ردّی، زرِمبادلہ کے ذخائر کو نچوڑ دیا گیا۔ لارج سکیل مینوفیکچرنگ، زراعت، صنعت اور تجارت کو بیک گیئر میں ڈال کر تباہی کی ڈھلوان پر لڑھکا دیا گیا۔

موجودہ حکومت ملک کو قرض کے ڈھیر تلے دفن کرکے مزید قرض لے رہی ہے اور اس پر شادیانے بجا رہے ہیں۔ ان کی بدانتظامی اور نااہلی سے تجربے اور مہارت کی حامل ورک فورس تیزی سے ملک چھوڑ کر جارہی ہے۔  تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 12 لاکھ افراد مایوس ہو کر پاکستان چھوڑ کر باہر جاچکے ہیں۔

بیان کے مطابق ملک میں باقی رہ جانے والوں کو مہنگائی اور فسطائیت کے دُہرے عذاب میں مبتلا کیا جارہا ہے۔ قوم جھولیاں اٹھا اٹھا کر اس بے چہرہ بندوبست سے نجات کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ریاستی فیصلہ ساز عوام کی حالتِ زار پر رحم کریں اور مجرموں کی سیاست کے مردہ لاشے میں ’سیاسی انجینئرنگ‘ سے روح پھونکنے سے باز رہیں۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ زندگیاں عذاب بنانے والوں کے محاسبے کے لیے بغیر کسی مداخلت کے عوام کو آئینی و جمہوری حق دیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp