راولپنڈی میں خود کش حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا

جمعرات 9 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب ( سی ٹی ڈی ) اور حساس اداروں نے مشترکا کارروائی کے دوران جڑواں شہروں میں خودکش حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کامیاب کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب اور حساس اداروں نے مشترکہ آپریشن میں راول پنڈی سے 2 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کیا ہے۔

ترجمان  کے مطابق دہشت گردوں نے خود کش حملہ آوروں کیساتھ راولپنڈی پولیس لائنز پر حملے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

پکڑے گئے دہشت گردوں نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ تھانہ صدر بیرونی ، ڈسٹرکٹ کورٹس راول پنڈی اور سینٹ پال چرچ دہشت گردوں کے ٹارگٹ تھے۔

رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے مقامی سہولت کاروں کے ہمراہ تمام مقامات کی ریکی کر کے تصاویر کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے جنگجو کو افغانستان بھجوائیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے حساس دستاویزات، اسلحہ، گولا بارود، جدید اسلحہ اور سیٹلائیٹ فون برآمد کیے گئے ہیں۔

تفتیش میں دہشت گردوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ کانونٹ اسکول راولپنڈی سمیت دیگر حساس مقامات پر بھی تخریبی کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔ دہشت گردوں کو حاجی فقیر گروپ افغانستان سے آپریٹ کر رہا تھا۔

دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp