ایلون مسک کی جانب سے سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد سے سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر میں کئی تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ سال 2023 میں بھی ان تبدیلیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سال کے آغاز میں ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں نیوی گیشن یا مواد کی تلاش کے طریقہ کار کو تبدیل کیا جارہا ہے۔ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا ہے کہ ٹوئٹر کا نیا نیوی گیشن فیچر جنوری میں متعارف کرایا جارہا ہے۔
اس فیچر کی بدولت ٹوئٹر کی نیوزفیڈ کئی حصوں میں تقسیم ہوجائے گی یعنی صارف سائیڈ سویپ کرکے ٹاپ، لیٹسٹ، ٹرینڈنگ اور دیگر تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
اس وقت ٹوئٹر میں تاریخ وار ٹائم لائن اور ہوم ٹائم لائن کو استعمال کیا جاتا ہے۔ جن میں پوسٹس نئی ٹویٹس سب سے اوپر ہوتی ہیں یا مواد الگورتھم استعمال کے حساب سے طے کرتا ہے
مگر اس نئے فیچر سے دائیں بائیں سویپ کرکے اپنی پسند کے مواد تک رسائی آسان ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ سال 2022 کے آخر میں ٹوئٹر میں کئی تبدیلیاں کی گئیں۔ جن میں بلیو ٹک کے لیے ماہانہ فیس کی ادائیگی، 60 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنا اور ویو کاؤنٹ وغیرہ شامل ہیں۔