سائنسدانوں نے ایٹمز کے ملاپ سے توانائی حاصل کرنے کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ نیوکلیئر فیوژن میں بڑی کامیابی کے بعد توانائی بحران کے خاتمے کی امید پیدا ہو گئی۔
امریکی ماہرین نے نیوکلیئر فیوژن میں بڑی کامیابی حاصل کر لی، سائنسدان ایٹمز کے ملاپ سے توانائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔اس سے قبل نیوکلیئر ری ایکٹرز اور بجلی گھروں میں ایٹم کو توڑنے سے توانائی حاصل کی جاتی تھی۔
ایٹمز کے ٹوٹنے یا نیوکلیئر فشن کے عمل سے توانائی کے ساتھ بہت بڑی مقدار میں نیوکلیئر فضلہ بھی پیدا ہوتا ہے جو طویل عرصے تک تابکاری خارج کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایٹمز کے ملاپ یعنی نیو کلیئر فیوژن میں توانائی زیادہ پیدا ہو گی جب کہ تابکار فضلہ بہت کم پیدا ہو گا۔ دنیا بھر کے تمام ایٹمی بجلی گھروں میں اب تک نیو کلیئر فشن کے ذریعے ہی توانائی حاصل کی جا رہی ہے۔
کیلیفورنیا کی لارنس لیورمور نیشنل لیبارٹری میں تجربے کے بعد ماہرین نے کہا کہ مستقبل میں توانائی کے بہت سے مسائل کا حل اس نئی ٹیکنالوجی سے حاصل ہو گا۔