کالعدم ٹی ٹی پی اور دہشتگرد گروپوں سے قومی سلامتی کو خطرہ ہے: کور کمانڈرز کانفرنس

پیر 17 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کالعدم ٹی ٹی پی اور دہشتگرد گروپوں سے قومی سلامتی کو خطرہ ہے۔

افواج پاکستان کے محکمہ تعلقات عامہ’ آئی ایس پی آر‘ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس ) جنرل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں 258 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ( سی سی سی ) کے اجلاس کی صدارت کی۔

پریس ریلیز کے مطابق کانفرنس نے دہشت گردی کے خطرے کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں بہادر سپاہیوں کی مسلسل قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

کانفرنس کے شرکا کو داخلی سلامتی کی موجودہ صورت حال کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ کانفرنس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور اس کے دیگر دہشت گرد گروہوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ ان دہشت گردوں کے پاس جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی اور پھر پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

کانفرنس میں فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوؤں پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ معروضی تربیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصا ہے اور ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔

کور کمانڈر کانفرنس کو حکومت کے اقتصادی بحالی کے منصوبے اور خصوصاً سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی )کے دائرہ کار میں زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور معدنیات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں فوج کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

شرکا کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواج پاکستان کی جانب سے حکومت پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے اقدامات کو پاکستانی عوام کی مجموعی بھلائی کے لیے ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp