وزیر اعظم نے یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو پروگرام کے تحت اسلام آباد میں پہلی اسپورٹس یونیورسٹی کا افتتاح کر دیا، اوراسپورٹس اینڈؤمنٹ فنڈ کا اجراء کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے 5 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان بھی کیا۔
اسلام آباد میں یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ اسپورٹس اینڈؤمنٹ فنڈ سے کھلاڑ یوں کے اخراجات پورے کیے جائیں گے، امید کرتے ہیں کہ آئندہ جو بھی حکومت آئے گی وہ اسپورٹس اینڈؤمنٹ فنڈ میں اضافہ کرے گی۔
وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ گولڈ اور سلورمیڈل جیتنا معمولی بات نہیں ہوتی، نوجوانوں نے کم وسائل کے باوجود پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کیا ہے۔
’چترال سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی نے ٹیبل ٹینس میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ قوم کی بیٹیوں اوربیٹوں نے کھیل سمیت ہر میدان میں بڑا نام کمایا ہے، ہمارے کھلاڑیوں نے پاکستان کا جھنڈا دنیا بھرمیں بلند کیا ہے میں ان تمام کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے تقریب کے دوران خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ رات پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ ہوا ہے، دوست ملک چین نے 60 کروڑ ڈالرکا قرضہ رول اوور کردیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اعشاریے بہترہورہے ہیں، جنہوں نے بھی اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے انکو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔